22

برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم کو تاج پہنا دیا گیا

لندن میں تاج پوشی کی تقریب میں برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم کو تاج پہنا دیا گیا۔

تقریب میں عوام کی بڑی تعداد موجود ہے۔ کئی ممالک کے سربراہان، شاہی شخصیات اور عالمی رہنما بھی آج کی تاریخی تقریب میں شامل ہیں۔ پاکستان کی نمائندگی وزیر اعظم شہباز شریف کر رہے ہیں۔

اس سے قبل شاہ چارلس سوم اور ملکہ کنسورٹ کمیلا بگھی میں ویسٹ منسٹرایبے کے مغربی دروازے“گریٹ ویسٹ ڈور“پہنچ گئے اورحلف نامے پردستخط کردیے۔ گزشتہ 70سال کے دوران ہونے والی یہ پہلی تاج پوشی ہے۔

تقریب میں دنیا بھر سے دو ہزار 200 مہمان تقریب میں شریک ہیں جبکہ 19 ہزار پولیس اہلکار سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ اس پوری تقریب کو آپریشن گولڈن اورب کا نام دیا گیا ہے جس پر تقریبا 100 ملین پاؤنڈ کا خرچ آرہا ہے۔ تاج پوشی کے رسم و رواج ایک ہزار سال پرانے ہیں۔

خیال رہے کہ شاہ چارلس اپنی والدہ ملکہ الزبتھ دوم کی وفات کے فوراً بعد بادشاہ بن گئے تھے لیکن تاجپوشی کی قدیم رسم ان کے دور کے آغاز کی علامت ہے اور یہ سینٹ ایڈورڈ کے تاج کو دیکھنے کا نادر موقع ہو گا کیونکہ یہ صرف تاجپوشی کے وقت پہنا جاتا ہے۔

تاجپوشی کی صدیوں پرانی رسم کے دوران یہ تاریخی تاج شاہ چارلس سوئم کے سر پر سجایا جائے گا۔ وہ اسے ایک گھنٹے سے بھی کم وقت کے لیے پہنیں گے اور اس کے بعد پھر کبھی نہیں پہنیں گے۔