جنوبی کورین ٹیکنالوجی کمپنی سام سانگ نے مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی چیٹ جی پی ٹی پر پابندی عائد کر دی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سام سانگ نے چیٹ جی پی ٹی پر پابندی اپنے حساس کوڈز لیک ہونے کی وجہ سے عائد کی۔ کمپنی کے ملازمین نے کام میں مدد کے لیے چیٹ جی پی ٹی کے ساتھ خفیہ معلومات اور کوڈز شیئر کیے تھے جو لیک ہو گئے۔
کمپنی کی جانب سے خفیہ معلومات شیئر کرنے کی غلطی 3 بار کی گئی۔ پہلی بار ملازم نے غلطیوں کی جانچ پڑتال کے لیے چیٹ جی پی ٹی کو خفیہ کوڈ بتایا اور اپنے کام میں مدد چاہی۔ دوسری بار پھر کمپنی کے ایک ملازم نے چیٹ جی پی ٹی کے ساتھ خفیہ کوڈ شیئر کیا اور اسے بہتر بنانے کی درخواست کی۔ تیسری بار ایک پریزنٹیشن کو بہتر بنانے کے لیے ریکارڈنگ چیٹ جی پی ٹی کے ساتھ شیئر کی گئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ خفیہ کوڈز کا چیٹ جی پی ٹی کے ساتھ اشتراک کی وجہ سے کمپنی پریشانی کا شکار ہے کیونکہ اب یہ معلومات اور کوڈز خفیہ نہیں رہیں گے۔اس سے قبل اٹلی بھی چیٹ جی پی ٹی پر پابندی عائد کر چکا ہے۔ اٹلی کو بھی اپنی خفیہ معلومات لیک ہونے کا خطرہ پیدا ہو گیا تھا جس کی وجہ سے چیٹ جی پی ٹی پر پابندی عائد کی گئی۔