530

پشاور میں چچا زاد بھائی دشمنی کی بھینٹ چڑھ گئے

پشاور۔تھانہ بھانہ ماڑی کی حدود رنگ روڈ پر سابقہ دشمنی کی بناء پر ملایان گروپ کی جانب سے چلتی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجہ میں گجران گروپ کے 2 چچا زاد بھائی جاں بحق جبکہ ٹیکسی ڈرائیور سمیت 2 شدید زخمی ہوگئے جنہیں تشویشناک حالت میں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔

فائرنگ کے دوران رنگ روڈپر بھگڈر مچ گئی اور ٹریفک نظام شدید متاثر ہوا اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پرپہنچ گئی اور شواہد اکھٹے کرنے کے بعد مزید تفتیش شروع کردی ہے بڈھ بیر سے تعلق رکھنے والے گجران اور ملایان گروپوں کے مابین گزشتہ کئی سالوں سے دشمنی چلی آرہی ہے جس کے دوران اب تک دونوں گروپوں سے مجموعی طور پر 20 سے زائد افراد اس دشمنی کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں۔

پولیس کے مطابق گزشتہ روز دو چچا زاد بھائی نعیم اور ندیم اپنے رشتہ دارعثمان کے ہمراہ ٹیکسی گاڑی میں گھر جارہے تھے کہ اس دوران راستے میں رنگ روڈ پر مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں نعیم اور ندیم موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ عثمان اور ٹیکسی ڈرائیور خادم حسین شدید زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کی حالت نازک بتائی جارہی ہے ۔

پولیس کے مطابق ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی شناخت کیلئے مجروحین یا مقتولین کے رشتہ داروں کی آمد کا انتظار ہیں جس کی بناء پر ایف آئی آر بھی درج نہیں کیا جاسکا،پولیس نے بتایا کہ گجران اور ملایان گروپوں کے مابین کئی سالوں سے جائیداد کے تنازعہ پر خون ریز لڑائی جاری ہے جس کے دوران اب تک 20 سے زائد افراد اس دشمنی کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں۔