26

اسرائیل نے کوئی حماقت کی تو تل ابیب تباہ کر دینگے، ایران

ایران کے صدرابراہیم رئیسی نے خبردارکیا ہے کہ اسرائیل کی ایران کے خلاف کسی بھی فوجی کارروائی کےنتیجے میں اسرائیل کے شہر تل ابیب اورحَیفا تباہ ہوجائیں گے۔

ابراہیم رئیسی نے یہ دھمکی ایران کے سالانہ یوم فوج کے موقع پر سرکاری ٹیلی ویژن پر براہ راست نشر ہونے والی ایک تقریب میں دی ہے۔

انھوں نے کہا کہ دشمن خاص طورپرصہیونی حکومت سمجھ چکی ہے کہ ایران کے خلاف چھوٹی سے چھوٹی کارروائی سے اس کی مسلح افواج کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آئے گا اوروہ حیفا اور تل ابیب کی تباہی کاسبب بنے گا۔

ایران متعدد مواقع پراسرائیل پراپنی جوہری تنصیبات اورسائنس دانوں کونشانہ بنانے کا الزام عاید کرچکا ہے۔اسرائیل ایران پرجوہری ہتھیاربنانے کی کوشش کا الزام لگاتا ہے جس کی تہران تردیدکرتا ہے۔اسرائیل نے بارہا متنبہ کیا ہے کہ اگر ایران کے جوہری پروگرام کوروکنے کی سفارتی کوششیں ناکام ہوئیں تو وہ فوجی کارروائی کرے گا۔

پیرکے روزاسرائیلی وزیرخارجہ ایلی کوہن نے چین پرزوردیاتھا کہ وہ ایران کوجوہری ہتھیاروں کی تیاری سے روکنےکے لیےاس پراپنا اثرورسوخ استعمال کرے۔انھوں نے مزید کہا کہ اسرائیل ایران کو جوہری ہتھیاروں سے لیس ریاست بننے سے روکنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔

آرمی ڈے کی تقریب کے دوران میں ابراہیم رئیسی نے امریکی فوجیوں سے مشرق اوسط کو چھوڑنے کا بھی مطالبہ کیا۔انھوں نے کہا کہ ہماری فوج کا غیرملکی افواج بالخصوص امریکی افواج کو یہ پیغام ہے کہ وہ جلد سےجلد خطے سے نکل جائیں کیونکہ غیرملکی افواج کی موجودگی سے خطے کی سلامتی میں کوئی مدد نہیں ملتی۔