37

عید الفطر پر قیدیوں کی سزاؤں میں 90 روز کمی کی منظوری

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عید الفطر کے موقع پر قیدیوں کی سزاؤں میں 90 روز کی کمی کی منظوری دے دی۔ 

ایوان صدر سے جاری اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آئین کے آرٹیکل 45 کے تحت عید الفطر کے موقع پر قیدیوں کی سزاؤں میں 90 روز کی کمی کی منظوری دے دی۔

سزاؤں میں کمی کا اطلاق زنا، قتل، جاسوسی، ریاست مخالف سرگرمیوں اور دہشت گردی سمیت سنگین نوعیت کے جرائم میں سزا یافتہ قیدیوں پر نہیں ہوگا۔

علاوہ ازیں سزاؤں میں کمی کا اطلاق مالی جرائم اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے مجرموں پر بھی نہیں ہوگا۔

اعلامیہ کے مطابق سزاؤں میں کمی کا اطلاق 65 سال سے زائد عمر کے مرد اور 60 سال سے زائد عمر کی خواتین قیدیوں پر ہوگا تاہم لازمی ہے کہ وہ سزا کی میعاد کی ایک تہائی قید کاٹ چکے ہوں۔

اسی طرح 18 سال سے کم عمر افراد جو اپنی ایک تہائی سزا کاٹ چکے ہیں ان پر بھی سزا میں کمی کا اطلاق ہوگا۔