ٹیسلا سمیت متعدد کمپنیوں کے مالک ایلون مسک اپنے حیران کن منصوبوں کے لیے جانے جاتے ہیں، جیسے مریخ پر انسانوں کو لے جانا، ٹوئٹر کو بدلنا یا دیگر، اب وہ آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کے شعبے کو بدلنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
اس مقصد کے لیے ایلون مسک نے ایک اے آئی کمپنی متعارف کرانے کی منصوبہ بندی کی ہے تاکہ چیٹ جی پی ٹی تیار کرنے والی کمپنی اوپن اے آئی کا مقابلہ کیا جاسکے۔
خیال رہے کہ ایلون مسک عرصے سے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کو انسانیت کو لاحق سب سے بڑے خطرات میں سے ایک قرار دیتے آرہے ہیں، مگر ایسا لگتا ہے کہ اب وہ یوٹرن لینے والے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص اے آئی ماہرین اور انجینئرز کی ٹیم کو تشکیل دینے اور اس منصوبے کے لیے سرمایہ کاروں سے بات چیت کرنے میں مصروف ہیں۔
رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ متعدد افراد اس منصوبے میں سرمایہ کاری کریں گے۔
درحقیقت ایلون مسک نے مارچ میں ایک کمپنی X.AI کو ریاست نویڈا میں رجسٹر بھی کرایا ہے جس کے وہ اکیلے ڈائریکٹر ہیں۔
اس اقدام سے واضح ہوتا ہے کہ ایلون مسک بھی مائیکرو سافٹ اور گوگل سمیت دیگر کمپنیوں کی طرح اے آئی ٹیکنالوجی کے میدان کا حصہ بننے والے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ چند ہفتے پہلے ایلون مسک نے 18 سو افراد کے ساتھ ایک کھلے خط پر دستخط کیے تھے جس میں کہا گیا تھا کہ اے آئی کے شعبے میں تحقیق کو 6 ماہ تک روک دیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق اس نئی کمپنی کے لیے ایلون مسک نے ہزاروں جی پی یو پروسیسرز حاصل کر لیے ہیں جبکہ اے آئی لیبارٹریز سے تعلق رکھنے والے ماہرین کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں۔
اس نئی کمپنی سے ایلون مسک اوپن اے آئی کا مقابلہ کر سکیں گے۔
اوپن اے آئی وہ کمپنی ہے جس کے وہ شریک بانی ہیں، البتہ 2018 میں انہوں نے اوپن اے آئی سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔
اس علیحدگی کی وجہ کمپنی کی انتظامیہ سے اے آئی ٹیکنالوجی کے محفوظ ہونے کے حوالے سے تنازعات تھے۔
دسمبر 2022 میں ایک ٹوئٹ کے دوران انہوں نے چیٹ جی پی ٹی کو خوفزدہ کردینے کی حد تک اچھا قرار دیا تھا۔
ایلون مسک کی جانب سے اے آئی ماڈلز جیسے چیٹ جی پی ٹی 4 (اوپن اے آئی کے چیٹ بوٹ کا نیا ورژن) پر خدشات ظاہر کیے گئے ہیں جو ان کے بقول گمراہ کن تفصیلات کے پھیلاؤ کا باعث بن سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ چیٹ جی پی ٹی کو دنیا بھر میں بہت زیادہ مقبولیت حاصل ہوئی ہے اور اسے متعدد ایپس کا حصہ بنایا جارہا ہے جبکہ مائیکرو سافٹ نے اپنے بنگ سرچ انجن اور دیگر پراڈکٹس کو بھی اس ٹیکنالوجی سے لیس کیا ہے۔
چیٹ جی پی ٹی 4 کو مارچ میں متعارف کرایا گیا جو اب تک کا سب سے جدید ترین اے آئی سسٹم قرار دیا جا رہا ہے۔