68

تربوز کھانے کے حیرت انگیز فوائد

گرمی کے موسم کا آغاز ہوتے ہی ہر جگہ تربوز نظر آنے لگتا ہے۔ یہ پھل بازار سے نہایت سستے داموں دستیاب ہوتا ہے اور اس سے بے شمار طبی فوائد حاصل کیے جاتے ہیں۔ اس کو اگر باقاعدگی کے ساتھ استعمال کیا جائے تو ڈی ہائڈریشن سمیت بلڈ پریشر کا مسئلہ لاحق نہیں ہوتا۔

ایک نئی تحقیق میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ تربوز میں سائٹرولائن نامی امینو ایسڈ ہوتا ہے، جو جسم میں نائٹرک آکسائیڈ کو بڑھا کر رگوں کو ریلیکس اور چوڑا کرتا ہے جس سے بلڈ پریشر کنٹرول میں رہتا ہے۔ اس کے علاوہ تربوز کے دیگر فوائد درج ذیل ہیں۔

تربوز سوزش کو کم کرنے میں معاون

طبی ماہرین کے مطابق زیادہ تر بیماریاں جسم کے اندر ہونے والی سوزش اور آکسیڈیٹیو تناؤ کی وجہ سے ہوتی ہیں لیکن تربوز میں لائکوپین اور وٹامن سی نامی اینٹی آکسیڈنٹس ہوتے ہیں جو سوزش کو ختم کرتے ہیں اور دیگر بیماریوں سے تحفظ فراہم کرتے ہیں۔

آنکھوں کے لئے فائدہ مند

لائکوپین آنکھوں کی بینائی کے لیے فائدہ مند ہوتا ہے، یہ عمر کے ساتھ ساتھ آنکھوں کی صحت کو خراب ہونے سے بچاتا ہے، اس کی وجہ سے آنکھوں کے خلیے صحت مند رہتے ہیں جس سے بڑھاپے میں بھی روشنی کمزور نہیں ہوتی۔

ہاضمہ کو بہتر بنانے میں مددگار

تربوز بھی میتھی دانے کی طرح ہاضمہ کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے بہت مفید سمجھا جاتا ہے، کیوں کہ اس میں پانی کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے جو کہ ہاضمہ کے نظام کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کرتی ہے۔ اس کے علاوہ تربوز میں فائبر بھی کافی مقدار میں پایا جاتا ہے جو ہاضمے کی کارکردگی کو بڑھاتا ہے اور قبض کی علامات میں لاتا ہے۔

جسم میں نمکیات کی متوازن مقدار

سخت گرمی کے موسم میں زیادہ مقدار میں پانی پینے کے باوجود بھی جسم میں پانی اور نمکیات کی کمی واقع ہو سکتی ہے۔ تاہم طبی ماہرین کے مطابق تربوز میں ایسے غذائی اجزاء پائے جاتے ہیں جو نہ صرف جسم میں پانی کی کمی نہیں واقع ہونے دیتے بلکہ جسم میں نمکیات کی مقدار کو بھی متوازن رکھتے ہیں۔

ہڈیوں کی مضبوطی میں اضافہ

تربوز میں ایسی خصوصیات پائی جاتی ہیں جو ہڈیوں کی مضبوطی میں اضافہ کرتی ہیں، اس کے علاوہ اگر تربوز کو باقاعدگی کے ساتھ استعمال کیا جائے تو ہڈیوں کے مختلف مسائل جیسا کہ ہڈیوں کے بھربھرے پن کے خطرات میں کمی آتی ہے۔ تربوز کے استعمال سے ہڈیاں مضبوط ہونے سے پٹھوں کی مضبوطی میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔