کیا آپ کا شمار بھی ان افراد میں ہوتا ہے جو لفٹ میں سفر کے دوران اپنا سر چکراتا ہوا محسوس کرتے ہیں؟ لیکن کیا آپ اس کی وجہ جانتے ہیں؟
دراصل زمین کی کشش ثقل بہت طاقتور ہے اور اسی کی وجہ سے آپ اپنے لیپ ٹاپ یا فون کو ہاتھ میں تھامے ایک جگہ بیٹھے ہوئے ہیں، فضا میں تیر نہیں رہے۔
کشش ثقل ہر چیز کو اپنی جانب یعنی نیچے کھینچتی ہے یا دوسرے الفاظ میں جب کوئی ہمت کر کے اوپر کی جانب جاتا ہے تو کشش ثقل اسے اپنی جانب کھینچنے لگتی ہے۔
تو جب آپ لفٹ میں داخل ہوتے ہیں تو سب کچھ ساکت ہوتا ہے اور کچھ بھی غیر معمولی محسوس نہیں ہوتا۔
اس وقت آپ کا جسم متوازن ہوتا ہے کیونکہ وہ ایک ساکت شے کے اندر ہوتا ہے، مگر لفٹ کی اچانک حرکت سے یہ سکوت ٹوٹ جاتا ہے اور آپ کا اوپر یا نیچے کی جانب سے سفر شروع ہو جاتا ہے جس سے عجیب احساسات ہونے لگتے ہیں۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ لفٹ کے سفر کے ساتھ اندرونی کان کا توازن بگڑ جاتا ہے، اندرونی کان کا کردار بہت اہم ہوتا ہے کیونکہ یہ توازن کے احساس کو کنٹرول کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
اندرونی کان ویسٹبیولر سسٹم نامی نیٹ ورک کا حصہ ہوتا ہے اور یہ سسٹم جسم کے ارد گرد کے بارے میں تفصیلات دماغ کو بھیجتا ہے، تو جب اندرونی کان کے افعال متاثر ہوتے ہیں تو سر چکرانے اور متلی جیسے احساسات کا سامنا ہوتا ہے۔