78

آئی فون 15 پرو کی جھلک سامنے آگئی

ایپل کے نئے آئی فون ماڈلز تو ستمبر میں متعارف کرائے جائیں گے مگر ان کے حوالے سے لیکس کا سلسلہ جاری ہے۔

اب ایک نئی لیک میں آئی فون 15 سیریز کے پرو ماڈل کے ممکنہ ڈیزائن کی جھلک دکھائی گئی ہے۔

ایک ٹوئٹر صارف نے آئی فون 15 پرو کے تصویری خاکے پوسٹ کیے ہیں۔

ان تصاویر سے عندیہ ملتا ہے کہ آئی فون 15 پرو میں titanium فریم استعمال کیا جائے گا۔

دیگر لیکس کے مطابق آئی فون 15 پرو اور پرو میکس میں پیری اسکول زوم کیمرے کو دیے جانے کا امکان ہے۔

اسی طرح دونوں فونز کے کیمروں میں ایک نئی سنسر ٹیکنالوجی بھی متعارف کرائی جاسکتی ہے جو زیادہ روشنی کو جذب کرنے کی صلاحیت رکھتی ہوگی۔

ایپل کی جانب سے آئی فون 15 سیریز میں چارجنگ کے لیے یو ایس بی ٹائپ سی پورٹ دیے جانے کا امکان ہے، جس کا مطالبہ صارفین کافی عرصے سے کر رہے ہیں۔

اس وقت آئی فون کو لائٹننگ کیبل سے چارج کیا جاتا ہے جبکہ اینڈرائیڈ کے لیے اب زیادہ تر فونز میں یو ایس بی سی پورٹ کو چارجنگ کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

یہ 11 سال بعد پہلی بار ہوگا جب ایپل کی جانب سے آئی فونز میں ایسی تبدیلی کی جائے گی۔

اس سے قبل 2012 میں کمپنی نے 30 پن ڈوک کنکٹر کی جگہ لائٹننگ پورٹ کو دی تھی۔

یو ایس بی ٹائپ سی پورٹ سے ہٹ کر آئی فون 15 سیریز کے تمام فونز میں ڈائنامک آئی لینڈ کا فیچر دیے جانے کا امکان ہے، جو 2022 میں آئی فون 14 پرو ماڈلز تک محدود رکھا گیا۔

ایک لیک کے مطابق آئی فون 15 پرو میکس کے فرنٹ ڈسپلے میں کناروں کی پٹی یا بیزل اس وقت دستیاب تمام اسمارٹ فونز کے مقابلے میں سب سے کم ہوں گے۔

لیک میں بتایا گیا کہ آئی فون 15 پرو میکس میں بیزل کا حجم محض 0.06 انچ ہوگا۔