امریکی ماہرین نے ایک ایسا سیارہ دریافت کیا ہے جو نہ صرف ممکنہ طور قابل رہائش ہوسکتا ہے بلکہ وہاں پہلے سے زندگی کی موجودگی کا بھی امکان ہے۔
امریکی ماہرین فلکیات کا یہ تحقیقی مقالہ نیچر آسٹرونومی جنرل میں شائع ہوا ہے جس میں ماہرین فلکیات نے اپنی دریافت کے بارے میں تحریر کیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ہمارے نظام شمسی سے باہر موجود یہ سیارہ زمین سے 12 نوری سال کے فاصلے پر ہے اور یہ مربوط ریڈیو سگنلز بھی بھیج سکتا ہے۔
ماہرین نے دریافت کیا کہ یہاں ممکنہ طور پر مقناطیسی میدان موجود ہے اور یہ اس بات کی علامت ہے کہ یہاں زندگی ہوسکتی ہے یا آگے چل کر پنپ سکتی ہے، کیونکہ مقناطیسی میدان تابکاری کو روک کر زندگی کو ممکن بناتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کسی سیارے پر مقناطیسی میدان اس بات کی پہلی علامت ہے کہ یہ قابل رہائش ہوسکتا ہے۔ زمین اور ہمارے نظام شمسی میں موجود دیگر سیاروں پر بھی یہ میدان موجود ہے۔
اس سیارے کو YZ Ceti کا نام دیا گیا ہے اور یہاں سے مسلسل ریڈیو سگنلز بھی خارج ہو رہے ہیں، ماہرین کا کہنا ہے کہ سگنلز کا اخراج وہاں پر کسی کی موجودگی کا نہایت واضح اشارہ ہے۔
امریکی ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ اس سیارے پر مزید تحقیق سے انہیں یہ بھی علم ہوگا کہ دوسرے سیاروں پر مقناطیسی میدان کیسے کام کرتا ہے، جبکہ کائنات میں قابل رہائش سیارے ڈھونڈنے کے کام میں بھی مزید مدد ملے گی۔