نیویارک: انٹرنیٹ کی معروف ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ یوٹیوب نے 130 ممالک کے لیے آف لائن ایپ متعارف کروادی جس کے بعد اب صارفین بغیر انٹرنیٹ کے بغیر بھی ویڈیوز دیکھ سکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق انٹرنیٹ صارفین کی خاصی بڑی تعداد ویڈیوز تلاش یا شیئر کرنے کے لیے یوٹیوب ویب سائٹ کا سہارا لیتی ہے، ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ استعمال کرنے والے صارفین کا شکوہ تھا کہ وہ موبائل انٹرنیٹ کی سست روی کے باعث ویڈیوز ٹھیک سے نہیں دیکھ سکتے۔
اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے یوٹیوب نے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے آف لائن ایپ تیار کی جسے گزشتہ برس مخصوص ممالک میں آزمائشی طور پر متعارف کروایا گیا تھا تاہم اب یہ سروس 130 ممالک کے صارفین استعمال کرسکیں گے۔
یوٹیوب گو نامی سروس صارفین کے موبائل ڈیٹا کو محفوظ بنائے گی اور وہ سست یا بغیر انٹرنیٹ کے بھی ویڈیوز دیکھ سکیں گے، کمپنی کی جانب سے مخصوص صارفین کے لیے ماہانہ 10 ڈالر فیس بھی مقرر کی گئی ہے۔
اس سروس کے بعد یوٹیوب صارفین آف لائن ویڈیو کو نہ صرف محفوظ بناسکیں گے بلکہ اپنی مطلوبہ ویڈیو کو سرچ کرتے ہوئے اسے دوستوں کے ساتھ بھی شیئر کرسکیں گے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس ایپ کو متعارف کروانے کا مقصد صارفین کو آف لائن ویڈیو دیکھنے کی سہولت فراہم کرنا اور دیگر ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹس سے سخت مقابلہ کرنا ہے۔