یادداشت کی خرابی غیر صحت مند طرز زندگی اور بڑھتی عمر کے ساتھ مسئلہ بنتی جاتی ہے، تاہم حال ہی میں ماہرین نے اس سے محفوظ رہنے کا آسان طریقہ بتایا ہے۔
حال ہی میں ایک برطانوی یونیورسٹی نے مہینے میں صرف ایک بار ورزش کو یادداشت محفوظ کرنے کا ذریعہ بتایا ہے۔
اس حوالے سے یونیورسٹی کالج لندن کے سائنسدانوں نے 30 سال سے زائد عمر کے 1400 افراد کی عادات پر جانچ کی۔
جامعہ نے 36 سے لے کر 69 سال کی عمر تک افراد کے لیے ایک سوال نامہ تیار کیا جس میں مختلف عمروں کے افراد سے ان کی روزمرہ کی زندگی سے متعلق سوالات پوچھے گئے۔
جن افراد پر ریسرچ کی گئی جب وہ 69 برس کے ہوئے تو رضا کاروں نے ان کی یادداشت، توجہ، زبان اور بات چیت کی صلاحیت کا ٹیسٹ لیا۔
ان افراد کے جوابات اور صلاحیتوں کے ٹیسٹ کے تناظر میں نتائج اخذ کرتے ہوئے یونیورسٹی کے سائنسدانوں کا کہنا تھا کہ ان میں جن افراد کی یادداشت بہتر پائی گئی اور جو نسبتاً زیادہ متحرک نظر آئے وہ ماہانہ ایک سے چار مرتبہ ورزش کیا کرتے تھے۔
سائنسدانوں نے ورزش سے متعلق بتایا کہ وہ بیڈ منٹن، تیراکی، فٹنس ایکسر سائز، یوگا، ڈانسنگ، فٹبال، جاگنگ اور حتیٰ کہ تیزی کے ساتھ چہل قدمی بھی ہوسکتی ہے۔
واضح رہے کہ ان ہی سائنسدانوں کی گزشتہ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ ورزش کرنے سے انسان میں یادداشت کے مسائل کا خطرہ 33 فیصد کم ہوجاتا ہے۔