84

پی آئی اے کا حج 2023 کے فلائٹ آپریشن کیلئے کرایوں کا اعلان

اسلام آباد: قومی ائیر لائن (پی آئی اے) نے حج 2023 کے فلائٹ آپریشن اور پرائیویٹ حج کیلئے کرایوں کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پرائیویٹ حج کیلئے عازمین سے 870سے 1 ہزار 180 ڈالرز کرایہ لیا جائے گا جو ساؤتھ ریجن بشمول حیدر آباد، سکھر، کوئٹہ اور کراچی کیلئے نافذ کیا گیا ہے جبکہ نارتھ سیکٹر کیلئے کرائے میں تبدیلی کی گئی ہے۔

قومی ائیر لائن (پی آئی اے) کے ترجمان کے جاری کردہ بیان کے مطابق نارتھ سیکٹر کے عازمین 910 سے لے کر 1 ہزار 220 ڈالر تک کرایہ ادا کریں گے جس میں ملتان، پشاور، اسلام آباد اور لاہور کے علاوہ دیگر شہر شامل ہیں۔

ترجمان قومی ائیر لائن کے بیان سے پتہ چلتا ہے کہ سرکاری حج کے تحت جانے والے عازمین کے کرایوں کا اعلان وزارتِ مذہبی امور کی جانب سے بعد میں کیا جائے گا۔ حج فلائٹ آپریشن کا آغآز 21 مئی جبکہ اختتام 2 اگست کو ہوگا۔

توقع کی جارہی ہے کہ رواں برس 44 ہزار سے زائد عازمین سعودی ائیر لائن جبکہ باقی پاکستان سے آپریٹ کی جانے والی 2 نجی ائیر لائنز کے ذریعے سعودی عرب پہنچیں گے۔ پی آئی اے مدینہ اور جدہ کیلئے فلائٹ آپریشن کے دوران بوئنگ 777 اور ائیر بس 320 کے استعمال کا ارادہ رکھتا ہے۔