81

ٹوئٹر نے اخراجات کم کرنے کیلئے مزید ملازمین کو برطرف کردیا

کیلی فورنیا: مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر نے مزید 50 ملازمین کو نوکری سے برطرف کردیا، برطرف کیے جانے والوں میں انجینئرنگ، ایڈورٹائزنگ اور ایپلی کیشن ٹیم کے ملازمین شامل ہیں۔

گزشتہ ماہ جنوری میں ٹوئٹر انتظامیہ اپنے 50 فیصد سے زائد ملازمین کو نکالنے کے بعد مزید ملازمین کو نوکری سے برطرف کرنے کا منصوبہ بنارہی تھی اور یہ امکان ظاہر کیا جارہا تھا کہ کمپنی کچھ ہی ہفتوں میں پروڈکٹ ڈپارٹمنٹ میں سے تقریباً 50 ملازمین کو فارغ کردے گی۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق 70 فیصد سے زائد ملازمین کو نکالنے کے بعد ٹوئٹر انتظامیہ نے اب اپنے مزید 50 ملازمین کو فارغ کردیا ہے جن میں انجینئرنگ، ایڈورٹائزنگ اور ایپلی کیشن ٹیم کے افراد شامل ہیں۔

ماہرین نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر ٹوئٹر کی جانب سے اسی طرح ملازمین کو امریکا اور دیگر دفاتر سے نکالا گیا تو وہ دن دور نہیں جب کمپنی کے مجموعی ملازمین کی تعداد 2 ہزار سے بھی کم رہ جائے گی۔

خیال رہے کہ ٹوئٹر کو حالیہ برسوں میں نمایاں چیلنجز کا سامنا ہے اور کمپنی کی آمدنی میں بھی کافی کمی آئی ہے۔