104

ملالہ یوسفزئی کی ہالی ووڈ سُپر اسٹار ٹام کروز سے ملاقات

لاس اینجلس: پاکستانی نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کی اکیڈمی ایوارڈ کی جانب سے دیئے گئے ظہرانے پر ہالی ووڈ سُپر اسٹار ٹام کروز سے ملاقات ہوئی جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق دنیا بھر سے 95ویں اکیڈمی ایوارڈز کیلئے نامزد پروڈیوسرز، ڈائریکٹرز اور اداکاروں نے آسکرز کی جانب سے دیئے گئے ظہرانے میں شرکت کی۔

اس ظہرانے میں ملالہ یوسفزئی نے بھی ہالی ووڈ دستاویزی فلم ’اسٹرینجر ایٹ دی گیٹ‘ کے ایگزیکٹو پروڈیوسر کے طور پر شرکت کی جہاں ان کی ملاقات ہالی ووڈ سپر اسٹار ٹام کروز، سٹیون سپیلبرگ اور کیٹ بلانشیٹ سمیت دیگر ہالی ووڈ لیجنڈز سے ہوئی۔

 

ملالہ یوسفزئی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ٹاپ گن ماورک اسٹار ٹام کروز اور دیگر ہالی ووڈ پروڈیوسرز اور ڈائریکٹرز کے ساتھ تصاویر شیئر کرتے ہوئے آسکرز کا حصہ بننے پر اکیڈمی ایوارڈز کا شکریہ ادا کیا۔

ملالہ نے تصاویر کے کیپشن میں لکھا کہ وہ اس سال کے تمام آسکرز کیلئے نامزد اُمیدواروں کے ساتھ مل کر بہت خوش ہیں اور اس اعزاز پر اکیڈمی ایوارڈز کی شکر گزار ہیں۔ ملالہ نے ہالی ووڈ اسٹار ٹام کروز سے ملاقات پر بےحد خوشی کا اظہار کیا۔

ملالہ یوسفزئی اور ٹام کروز کی  تصاویر سوشل میڈیا پر صارفین کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔ شوبز کے سب سے بڑے ایوارڈز آسکر کی پُروقار تقریب 12 مارچ کو لاس اینجلس میں منعقد ہوگی۔

اسٹرینجر ایٹ دی گیٹ حقیقت پر مبنی ایک امریکی میرین کے سابق فوجی کے بارے میں ایک مختصر دستاویزی فلم ہے جس نے اپنے آبائی شہر میں ایک مسجد کو اڑانے کی منصوبہ بندی کی تھی تاہم وہ ایک مسلمان خاتون سے متاثر ہوکر اسلام قبول کرلیتا ہے۔

 اسٹرینجر ایٹ دی گیٹ کو بہترین دستاویزی فلم کی کیٹگری میں 95ویں اکیڈمی ایوارڈز کیلئے نامزد کیا گیا ہے۔