اب تو ہر مہینے ہی متعدد نئے اسمارٹ فونز فروخت کے لیے پیش کیے جاتے ہیں۔
جس کا مطلب یہ بھی ہوتا ہے کہ لوگوں کی جانب سے کسی نئے فون کو خریدنے کے لیے پرانے فون کو فروخت کیا جاتا ہے۔
مگر احتیاط نہ کی جائے تو پرانے فون کو فروخت کرنا آپ کی آن لائن سکیورٹی کے لیے خطرہ بھی بن سکتا ہے۔
ہر فون میں کسی صارف کا بہت زیادہ ذاتی ڈیٹا ہوتا ہے اور ان تک کسی اور کی رسائی خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔
اگر آپ اپنے پرانے فون کو فروخت کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو چند احتیاطی تدابیر پر لازمی عمل کریں تاکہ آپ کی پرائیویسی محفوظ رہ سکے۔
یہ زیادہ مشکل کام نہیں اور آپ کو نیچے درج چند ٹپس پر عمل کرنا ہوگا۔
ڈیٹا کا بیک اپ
اینڈرائیڈ فونز میں ڈیٹا بیک اپ تھوڑا پیچیدہ ہوتا ہے مگر اچھی بات یہ ہے کہ اس بات کا امکان زیادہ ہوتا ہے کہ زیادہ تر ڈیٹا کلاؤڈ سروس میں محفوظ ہو۔
اگر آپ گوگل فوٹوز، جی میل یا گوگل کانٹیکٹس جیسی سروسز استعمال کرتے ہیں تو ڈیٹا بھی ان ایپس کے ذریعے کلاؤڈ اسٹوریج میں محفوظ ہو جاتا ہے۔
اگر ان سروسز کو استعمال نہیں کرتے تو ہر ایپ کی سیٹنگز میں جاکر کلاؤڈ بیک اپ کو ٹرن آن کریں۔
آپ اپنا تمام ڈیٹا گوگل ڈرائیو میں بھی محفوظ کرسکتے ہیں یا فون کو کمپیوٹر سے منسلک کرکے فائلز کو کاپی پیسٹ کرسکتے ہیں۔
تمام اکاؤنٹس سے سائن آؤٹ کریں
آپ یہ کبھی پسند نہیں کریں گے کہ آپ کے گوگل، فیس بک یا کسی اور آن لائن اکاؤنٹ تک دیگر افراد کو رسائی مل جائے۔
یہی وجہ ہے کہ پرانے فون میں ان تمام اکاؤنٹس سے سائن آؤٹ کرنا ضروری ہوتا ہے جو آپ استعمال کرتے ہیں۔
پیئر ڈیوائسز کو ان پیئر (unpair) کرنا مت بھولیں
بلیو ٹوتھ ڈیوائسز جیسے وائرلیس ہیڈ فونز اور اسمارٹ واچز کو نئی ڈیوائس سے منسلک کرنے کے دوران مسائل سے بچنا چاہتے ہیں تو پرانے فون سے ان کو ان پیئر کرنا مت بھولیں۔
اس کے لیے سیٹنگز میں کنکٹڈ ڈیوائسز میں جاکر بلیو ٹوتھ ڈیوائسز کو دیکھ کر آپ انہیں ان پیئر کرسکتے ہیں۔
سم اور اسٹوریج کارڈ نکال لیں
جلد بازی میں اکثر افراد سم کارڈ یا اسٹوریج کارڈ کو پرانے فون کے اندر ہی بھول جاتے ہیں۔
پرانے فون کو فروخت کرنے سے قبل سم کارڈ یا کسی بھی اسٹوریج کارڈ کو لازمی نکال لیں۔
فیکٹری ری سیٹ
فون کے ڈیٹا کا بیک اپ بنانے کے بعد اسے فیکٹری ری سیٹ کریں۔
اس عمل سے فون کی ریم اور اسٹوریج تفصیلات مؤثر طریقے سے ڈیلیٹ ہو جائیں گی۔
فیکٹری ری سیٹ کا آپشن آپ کو فون کی سیٹنگز میں ملے گا (ہر کمپنی کے فون میں اس تک رسائی کا عمل کچھ مختلف ہوتا ہے)۔
فیکٹری ری سیٹ کرنے کے بعد فون کا سافٹ وئیر اسی حالت میں پہنچ جاتا ہے جب آپ نے اسے خریدا تھا، مگر یہ کام اسی وقت کریں جب آپ ڈیٹا کا بیک اپ بنا چکے ہوں اور اسٹوریج کارڈ کو بھی فون سے نکال چکے ہوں۔
ڈیٹا اوور رائٹ کریں
فیکٹری ری سیٹ کرنے کے بعد پرانے ڈیٹا کے حصول کو مزید ناممکن بنانے کے لیے ڈیوائس کی اسٹوریج کو کسی قسم کے بیکار ڈیٹا سے اوور رائٹ کریں۔
اس مقصد کے لیے بڑی فائلز جیسے ویڈیو کلپس سے اسٹوریج کو بھر دیں اور پھر ان فائلز کو ڈیلیٹ کردیں یا ایک بار پھر ڈیوائس کو فیکٹری ری سیٹ کرلیں۔