105

پیراسیٹامول سمیت 19 ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے درد اور بخار کیلئے استعمال ہونیوالی پیراسیٹامول مصنوعات سمیت 19 ادویات کی قیمت میں اضافے کی منظوری دیدی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہوا، جس میں بجلی بلوں کی وصولی، ادویات کی قیمتوں سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ای سی سی نے 18 نئی دواؤں کی زیادہ سے زیادہ ریٹیل قیمت کے تعین کی منظوری دیدی۔ وزارت خزانہ کے مطابق ان ادویات کی قیمت خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں کم ہے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ادویات کی قیمت کے تعین کی منظوری ڈرگ پرائسنگ کمیٹی کی سفارش پر کی گئی۔

ای سی سی نے درد اور بخار کیلئے استعمال ہونیوالی پیراسیٹامول مصنوعات کی ریٹیل قیمت میں اضافے کی بھی منظوری دیدی، پیراسیٹامول کی 500 ملی گرام گولی کی قیمت 2 روپے 67 پیسے جبکہ پیراسیٹا مول ایکسٹرا کی قیمت 3 روپے 32 پیسے فی گولی مقرر کی گئی ہے۔

وزیر خزانہ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 20 دیگر ادویات کی ریٹیل قیمت میں کمی کی بھی منظوری دی ہے۔