105

شادی میں دلہن نے چاکلیٹ سے بنے زیورات پہن لیے

سوشل میڈیا پر ایک بھارتی دلہن کی چاکلیٹ کے زیورات پہنے ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس نے سوال کھڑا کردیا ہے کہ کیا دلہن نے سونا مہنگا ہونے کی وجہ سے ایسا کیا؟

شادی کا دن کسی بھی لڑکی کے لیے ایک یادگار دن ہوتا ہے جس کے لیے اس نے برسوں خوش رنگ خواب دیکھ رکھے ہوتے ہیں اور لڑکیاں اپنی شادی کیلیے مہینوں پہلے تیاریاں شروع کردیتی ہیں جس میں خاص طور پر کپڑوں اور جیولری پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔

سونے کے زیورات ہر لڑکی کی کمزوری ہوتے ہیں لیکن موجودہ دور میں سونے کی آسمان سے چھوتی قیمتوں نے اسے غریب کیا متوسط طبقے کی دسترس سے بھی باہر کردیا ہے جب کہ آرٹیفیشل زیورات بھی کافی مہنگے ہوگئے ہیں۔

مہنگائی کے اس عالمی سونامی کے دور میں ایک بھارتی دلہن کی ویڈیو تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں اس نے خود کو چاکلیٹ سے بنے زیور سے سجایا ہوا ہے۔ اس ویڈیو کے بعد یہ سوال گردش کر رہا ہے کہ کیا دلہن نے سونا اور آرٹیفیشل زیورات مہنگے ہونے کے باعث یہ انوکھا اقدام کیا یہ چاکلیٹ سے بے پناہ محبت اس کی وجہ بنی۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دلہن نے پیلے رنگ کا لباس زیب تن کر رکھا ہے جس سے وہ مایوں کی تیاری کرتی دلہن معلوم ہوتی ہے۔

 

دلہن کے بال چترا نامی میک اپ آرٹسٹ نے بنائے ہیں اور ان میں ٹافیاں اور چاکلیٹ کو بہت مہارت سے لگایا گیا ہے۔ دلہن نے جھومر، جھمکے اور گلے کا ہار بھی چاکلیٹ اور ٹافیوں سے بنا ہوا پہن رکھا ہے۔

اس نامعلوم بھارتی دلہن کی یہ دلچسپ ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی گئی اور صارفین اسے بے حد پسند کر رہے ہیں۔ اب تک 60 لاکھ لوگ یہ ویڈیو دیکھ چکے ہیں جب کہ دو لاکھ افراد نے اسے پسندیدگی کی سند دے چکے ہیں۔

اس کے ساتھ ہی صارفین کی جانب سے اس پر اپنے اپنے مزاج کے مطابق تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں۔ کسی نے اسے ذہانت اور تخلیقی صلاحیتوں کا اعلیٰ اظہار قرار دیا ہے تو کسی نے تنقیدی انداز اختیار کیا ہے۔

ایک صارف نے دلچسپ تبصرہ کیا اور لکھا کہ ’بچوں سے بچ کر‘ جبکہ ایک صارف نے کہا کہ بچپن میں ہم بالوں کو پھولوں سے بھرتے تھے لیکن چاکلیٹ یا ٹافی کا کبھی نہیں سوچا۔