ممبئی: شاہ رُخ خان نے پٹھان کی شاندار کامیابی پر بھارتی میڈیا کے ساتھ کانفرنس کرتے ہوئے دنیا بھر میں موجود اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔
شاہ رُخ خان اور فلم کی مرکزی کاسٹ میں شامل دیپیکا اور جان ابراہم نے پٹھان کی کامیابی کا جشن مناتے ہوئے میڈیا سے گفتگو کی، شاہ رُخ خان کا فلم کی کامیابی پر کہنا تھا کہ یہ تو صرف ان کی واپسی کی شروعات ہے پکچر تو ابھی باقی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ کے کنگ شاہ رُخ خان، دیپیکا پڈوکون اور جان ابراہم کی بلاک بسٹر فلم ’پٹھان‘ نے ریلیز کے پانچویں دن دنیا بھر سے 500 کروڑ سے زائد کما کر دیگر تمام فلموں کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
شاہ رُخ خان کا فلم کی بائیکاٹ پر کہنا تھا کہ ’کچھ ایسی چیزیں ہو سکتی تھیں جو اس خوشگوار نمائش کی راہ میں رُکاوٹ بن جاتیں مگر میں صرف یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ہر طرف سے ہمیں بہت پیار مل رہا ہے اور ہمارے پاس شکریہ ادا کرنے کے الفاظ نہیں ہیں۔‘
فلم کو مذہبی انتہا پسندی کا شکار بنا کر بائیکاٹ مہم کرنے والوں کو شاہ رُخ خان نے پیغام دیا کہ ’دیپیکا امر ہے میں اکبر اور جان انتھونی ہے ہم میں کوئی فرق نہیں اور یہی ہماری فلم انڈسٹری ہے جس میں ہر مذہب کے لوگ شامل ہیں‘۔
شاہ رُخ خان نے میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے کچھ سالوں کیلئے اداکاری سے بریک لیا تھا اور جس طرح کورونا کے بعد فلم انڈسٹری پر زوال آیا تھا اور اپنی پچھلی فلموں کی ناکامی کے بعد انہوں نے اداکاری چھوڑ کر اپنا ریسٹورنٹ کھولنے کا سوچ لیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پٹھان نے بالی ووڈ کو بھر سے ایک نئی زندگی بخش دی ہے سنیما گھروں کو نئی زندگی دینے پر ہم اپنی ٹیم کی جانب سے آپ سب کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
دوسری جانب بھارت سمیت دنیا بھر میں پٹھان نے خوب نام کمایا ہے انڈونیشیا سمیت کئی ممالک میں کنگ خان کی فلم کو بےحد پسند کیا گیا، سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں انڈونیشیا کے ایک سنیما میں خواتین کو فلم کے گانے ’جھومے جو پٹھان‘ پر رقص کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ پٹھان نے 25 جنوری کو اپنے ریلیز کے پہلے ہی دن صرف بھارت میں 57 کروڑ کا بزنس کیا جبکہ دنیا بھر میں پہلے دن اس کا مجموعی بزنس 106 کروڑ تھا یہ کسی بھی ہندی فلم کا پہلے ہی دن کمائی کا سب سے بڑا ریکارڈ رہا۔
واضح رہے کہ ریلیز کے 5 دنوں میں پٹھان نے 500 کروڑ سے زائد کا ریکارڈ بزنس کر کے بالی ووڈ کی پچھلی تمام فلموں کا ریکارڈ توڑ دیا ہے جس کے جشن میں گزشتہ روز فلم کی کاسٹ کیلئے تقریب رکھی گئی تھی جو ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہے۔