ممبئی: بالی ووڈ کی متنازعہ اداکارہ کنگنا رناوت کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی فلم ’ایمرجنسی‘ کی تکمیل کیلئے اپنے تمام اثاثے گروی رکھوا دیئے ہیں۔
بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کنگنا رناوت نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے فلم ’ایمرجنسی‘ کی شوٹنگ اور تمام اخراجات کو پورا کرنے کیلئے اپنے تمام اثاثے اور جائیداد گروی رکھوا دی ہے ان کا کہنا تھا کہ وہ ممبئی 500 روپے لے کر آئیں تھیں اور اگر اس فلم کے بعد وہ پوری طرح برباد بھی ہوگئیں تو خود کو دوبارہ کھڑا کرنے کی ہمت اور حوصلہ رکھتی ہیں۔
کنگنا کا مزید کہنا تھا کہ وہ جس کام کی ٹھان لیتی ہیں تو اسے مکمل کر کے ہی رہتی ہیں اداکارہ نے کہا کہ فلم کو مکمل کرنے کیلئے اپنی تمام جائیداد اور اثاثوں کو گروی رکھنے کا فیصلہ ان کے لئے کوئی بڑی بات نہیں۔
اداکارہ اس فلم میں سابق بھارتی وزیراعظم اندرا گاندھی کا کردار ادا کر رہی ہیں اس فلم کی کہانی کنگنا نے لکھی ہے جبکہ وہی اس فلم کی پروڈیوسر اور ڈائریکٹر بھی ہیں، کنگنا کے مطابق یہ ان کے کیرئیر کی سب سے بڑی فلم ہے جو بنانا ان کا خواب تھا۔
گزشتہ ہفتے فلم کی شوٹنگ مکمل کرنے کے بعد اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر مداحوں کو اس حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے لکھا کہ ان کیلئے اس فلم کو بنانا کوئی آسان سفر ثابت نہیں ہوا انہیں اس فلم میں بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
اداکارہ نے بتایا کہ فلم کو مکمل کرنے کے لیے بھارت بھر کا شیڈول بنایا گیا تھا جہاں شوٹنگ ہونی تھی اور اس میں آسام بھی شامل تھا۔
اندرا گاندھی کی زندگی پر بنی بائیوپک ’ایمرجنسی‘ 20 اکتوبر 2023 کو ریلیز کی جائے گی فلم میں ماہیما چوہدری بھی سالوں بعد اسکرین پر نظر آئیں گی۔