88

ٹوئٹر کے فار یو ٹیب سے بچنے کا آسان طریقہ

ٹوئٹر کی جانب سے گزشتہ دنوں فار یو ٹیب کو بائی ڈیفالٹ فیڈ بنادیا گیا تھا۔

مگر اب اس کمپنی نے یوٹرن لیتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ویب ورژن میں الگورتھم پر مبنی فار یو ٹیب سے گریز کا آپشن صارفین کو فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اس تبدیلی سے ان صارفین کو خوشی ہوگی جن کی جانب سے شکایت کی جارہی تھی کہ ہر بار سروس کے استعمال پر ان کے ساتھ الگورتھم ٹائم لائن اوپن ہوتی ہے۔

13 جنوری کو ٹوئٹر کی جانب سے فار یو اور فالوونگ پر مبنی ڈوئل ٹائم لائن اپ ڈیٹ کو ویب ورژن میں متعارف کرایا گیا۔

20 جنور ی کو کمپنی نے فار یو ٹیب کو ویب ورژن میں ڈیفالٹ فیڈ بنادیا، یعنی ٹوئٹر کو اوپن کرنے یا پیج ریفریش کرنے پر فار یو ٹیب سامنے آتی۔

مگر کمپنی نے اس حوالے سے ایک نئی اپ ڈیٹ کی ہے اور اب اگر کوئی صارف فار یو کی بجائے فالوونگ ٹیب پر اسکرولنگ کرتے ہوئے پیج بند کرکے دوبارہ کھولتا ہے یا ریفریش کرتا ہے تو اس کے سامنے فالوونگ ٹیب ہی آئے گی۔

کمپنی کی جانب سے جلد یہ اپ ڈیٹ آئی او ایس اور اینڈرائیڈ ایپس کے لیے بھی متعارف کرائی جائے گی۔

خیال رہے کہ ٹوئٹر کے بیشتر صارف اس سروس کو تھرڈ پارٹی ٹوئٹر ایپس میں استعمال کرتے تھے اور انہیں الگورتھم فیڈ کا سامنا نہیں ہوتا تھا۔

مگر ایلون مسک کی کمپنی نے تھرڈ پارٹی ایپس کے استعمال پر ہی پابندی عائد کردی جس کے بعد صارفین کے پاس ٹوئٹر کی آفیشل ایپ یا ویب سائٹ کو استعمال کرنے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں رہا۔

یہ پہلا موقع نہیں جب ٹوئٹر نے کسی فیصلے پر یوٹرن لیا ہو۔

اس سے قبل کمپنی نے نومبر میں ٹوئٹر بلیو پروگرام پر یوٹرن لیا تھا، پھر دسمبر میں دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے لنکس پوسٹ کرنے پر پابندی عائد کی جسے چند گھنٹوں بعد ہی واپس لے لیا گیا۔