لاہور: صوبہ پنجاب کے 31 اضلاع میں بچوں کے کرونا ویکسین سے محروم ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت کے ذرائع نے کہا ہے کہ پنجاب کے اکتیس اضلاع کے بچے کرونا سے بچاؤ کی ویکسین سے محروم رہ گئے ہیں۔
مذکورہ اضلاع میں وفاق سے فائزر ویکسین کی ڈوز نہ ملنے کی وجہ سے دوسرے فیز کا آغاز نہیں ہو سکا ہے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب نے وفاق سے 31 اضلاع کے بچوں کے لیے فائزر ویکسین کی 30 ملین ڈوزز مانگ لی ہیں، اس سلسلے میں محکمہ صحت پنجاب نے این آئی ایچ کو خط لکھ دیا ہے۔
وفاق نے پنجاب کے 5 اضلاع کے بچوں کے لیے 16 ملین فائزر ویکسین دی تھی، جب کہ مزید 48 ملین ڈوزز دینی ہیں۔
محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ رواں ماہ جنوری میں اگر کرونا ویکسین ملیں تو پھر دوسرے فیز کا آغاز ہوگا، اور جن اضلاع میں بچوں کو ویکسین فراہم نہیں کی جا سکی ہے، وہاں بچوں کو ویکسین لگانے کی مہم شروع کی جائے گی۔