39

واٹس ایپ اب انٹرنیٹ کے بغیر بھی چلایا جا سکے گا

واٹس ایپ نے ایک نیا فیچر ”پراکسی سپورٹ“ متعارف کرایا ہے جس کے بعد اسے انٹرنیٹ کے بغیر بھی چلایا جا سکے گا، مذکورہ فیچر صرف ان علاقوں میں کام کرے گا جہاں حکومت یا انتظامیہ کی جانب سے انٹرنیٹ بلاک کیا گیا ہے اور وہاں واٹس ایپ پر بھی پابندی ہے۔

واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ ایران اور شام جیسے ممالک جہاں واٹس ایپ یا انٹرنیٹ پر پابندی ہے وہاں کے شہری ایپ تک رسائی کے لیے پراکسی سرور استعمال کر سکیں گے، پراکسی سپورٹ فیچر تازہ ترین ورژن والے صارفین کے لیے باضابطہ طور پر دستیاب ہے۔

واٹس ایپ کی بلاگ پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ انٹرنیٹ کی بندش انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، لوگوں کو ایک دوسرے سے جوڑنے کیلئے واٹس ایپ پراکسی سپورٹ متعارف کرائی جارہی ہے جس کی مدد سے لوگ انٹرنیٹ بند ہونے اور ایپ پر پابندی کے باوجود ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک (VPN) کے ذریعے واٹس ایپ استعمال کرسکتے ہیں۔

واٹس ایپ کے مطابق پراکسی سپورٹ کے باوجود صارفین کے میسجز اور کالز اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ رہیں گے، یعنی انہیں واٹس ایپ اور میٹا سمیت پراکسی سرورز کے ذریعے دیکھا یا سنا نہیں جا سکے گا۔

پراکسی سپورٹ کیا ہے؟

ایک پراکسی سرور صارفین اور ویب سروسز کے درمیان ایک ثالث ہے اور ایک ویب فلٹر کے طور پر کام کرتا ہے جو صارفین کو پابندیاں اور سنسرشپ روکنے کی اجازت دیتا ہے۔

پراکسی سپورٹ کا سادہ مطلب یہ ہے کہ جن خطوں یا ممالک میں انٹرنیٹ سروس بند ہے یا واٹس ایپ پر پابندی ہے وہاں کے لوگ مذکورہ فیچر کے تحت آسانی سے واٹس ایپ استعمال کر سکیں گے۔

اس فیچر کے تحت واٹس ایپ خود انٹرنیٹ فراہم نہیں کرے گا بلکہ دنیا بھر کے مختلف فلاحی اداروں کے بنائے گئے پراکسی نیٹ ورک سرورز مفت انٹرنیٹ فراہم کریں گے۔

پراکسی انٹرنیٹ سرور نہ صرف انٹرنیٹ فراہم کریں گے بلکہ پابندی کے باوجود واٹس ایپ کو وہاں چلانے کے قابل بھی بنائیں گے۔ دنیا بھر میں کئی انسانی اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے مفت پراکسی انٹرنیٹ سرورز قائم کیے ہیں جو دنیا بھر کے ممالک کو مفت انٹرنیٹ اور دیگر خدمات فراہم کر رہے ہیں۔

مذکورہ پراکسی انٹرنیٹ سروسز مفت ہیں اور وہ انٹرنیٹ کنکشن کے بغیر کام کرتی ہیں لیکن صارفین کو پہلے ایسے سرورز کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔

پراکسی سپورٹ فیچر کیسے آن کیا جائے؟

اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے صارفین کو اپنی واٹس ایپ سیٹنگز میں جانا ہوگا۔ واٹس ایپ سیٹنگ بار پر کلک کرنے کے بعد ’اسٹوریج اینڈ ڈیٹا پر کلک کریں، جہاں بالکل آخر میں ’پراکسی سیٹنگز کا آپشن ہوگا۔

صارف کو ’پراکسی سیٹنگ پر کلک کرنا ہوگا، جس کے بعد ایک نئی ونڈو کھلے گی، جہاں پراکسی سیٹنگ کو آن کرنا ہوگا۔ پراکسی سیٹنگ کو آن کرنے کے بعد سسٹم ’پراکسی سرور استعمال کرنے کو کہے گا اور اس کے لیے صارفین کو پہلے پراکسی انٹرنیٹ سرور ڈاؤن لوڈ کرنا ہوگا۔یعنی صارفین کو سب سے پہلے اپنے فون میں ’فری پراکسی انٹرنیٹ سرور ڈاؤن لوڈ کرنا ہوگا، جس کے بعد وہ واٹس ایپ کی سیٹنگز میں جا کر اس پراکسی سرور کو واٹس ایپ سے جوڑ سکتے ہیں۔

اس فیچر کیلئے سب سے مشکل بات یہ ہے کہ صارف کو پہلے سے معلوم ہونا چاہیے کہ فری پراکسی انٹرنیٹ سرور کون سے ہیں اور کون سا سرور زیادہ محفوظ ہے؟ اس سلسلے میں واٹس ایپ صارفین کی رہنمائی نہیں کرے گا کہ کون سا پراکسی سرور محفوظ ہے۔صارفین کو پہلے سے پراکسی سرورز ڈاؤن لوڈ کرنا ہوں گے جو ہنگامی حالات میں کام آئیں گے۔