ٹک ٹاک صارفین کی جانب سے اکثر شکایت کی جاتی ہے کہ وہ اس سوشل میڈیا ایپ میں گم ہوجاتے ہیں اور گھنٹوں تک اس پر اسکرولنگ کرتے رہتے ہیں جس سے ان کی نیند متاثر ہوتی ہے۔یہی وجہ ہے کہ کمپنی کی جانب سے ایک نیا فیچر متعارف کرایا جارہا ہے جس کا مقصد مناسب وقت تک نیند کو یقینی بنانا ہے۔کمپنی کی جانب سے نئے فیچر سلیپ ریمائنڈرز کی آزمائش کی جارہی ہے۔
اس فیچر کے تحت سونے کے وقت کے الرٹس لگانے جبکہ نیند کے دوران نوٹیفکیشنز کو میوٹ کرنے جیسے آپشنز دستیاب ہوں گے۔کمپنی کے مطابق اس نئے فیچر کی آزمائش دنیا بھر میں صارفین کی محدود تعداد میں کی جارہی ہے۔یہ نیا فیچر اسکرین ٹائم سیٹنگز میں سلیپ ریمائنڈرز کے نام سے موجود ہوگا۔
کمپنی نے بتایا کہ اس فیچر سے صارفین کو ٹک ٹاک پر اسکرولنگ کے دوران معلوم ہوسکے گا کہ اب ان کے سونے کا وقت ہوگیا ہے۔
اس کے لیے صارفین کو سونے کے ایک وقت کو سلیکٹ کرنا ہوگا اور وہ وقت قریب آنے پر ایپ کی جانب سے یاد دلایا جائے گا کہ نیند کا وقت آگیا ہے۔اس کے ساتھ ساتھ پش نوٹیفکیشنز 7 گھنٹوں کے لیے میوٹ ہوجائیں گے تاکہ صارف کی نیند متاثر نہ ہوسکے۔
ٹک ٹاک کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ہم صارفین کی بہتری کے لیے متعدد نئے ذرائع پر کام کررہے ہیں اور یہ نیا ٹول بھی اسی مقصد کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
اس سے قبل ٹک ٹاک نے فروری 2020 میں اسکرین ٹائم منیجمنٹ ٹولز متعارف کرائے تھے اور اس کے بعد سے ایسے متعدد فیچرز کا اضافہ کیا گیا جو صارفین کو ایپ کے استعمال کے حوالے سے زیادہ اختیار فراہم کرسکیں۔