جسمانی وزن میں اضافہ کسی کو بھی پسند نہیں بالخصوص اگر پیٹ باہر نکلنا شروع ہوجائے تو آپ کو وزن گھٹانے سے متعلق سوچنا پڑتا ہے ۔
جسمانی وزن میں کمی کے لیے اکثرافراد ڈائٹنگ کرتے ہیں، مگر یہ طریقہ کار عموماً طویل المعیاد بنیادوں پرفائدہ مند ثابت نہیں ہوتا، یہاں ہم ایسے آسان طریقوں کے بارے میں بتائیں گے جن کی مدد سے آپ کھانے کی مقدار میں کمی لائے بغیر بھی جسمانی وزن اور چربی کو کم کیا جاسکتا ہے ۔
کسی مخصوص اورمشکل غذائی پلان کے بغیر جسمانی وزن میں بہت تیزی سے کمی لانے کا ایک آسان ترین طریقہ خوراک کو اچھی طرح چبا کر نگلنا ہے، جب آپ کھانا بہت تیزی سے نگلتے ہیں تو دماغ کو علم ہی نہیں ہوتا کہ پیٹ بھرچکا ہے اور اس کے نتیجے میں لوگ ضرورت سے زیادہ کھالیتے ہیں اور نتیجہ موٹاپے کی شکل میں نکلتا ہے۔
نیند کسی بھی شخص کی صحت کیلئے بہت ضروری ہے ، ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ ہررات صرف ایک گھنٹے کی اضافی نیند سے ایک سال میں جسمانی وزن میں 6 کلوگرام کمی لائی جا سکتی ہے، اس سے قبل ہر رات 7 گھنٹے سے کم نیند کے نتیجے میں جسمانی وزن میں تیزی سے اضافہ ہوتا ہے۔
دوپہر یا رات کے کھانے میں ایک کی بجائے 3 سبزیوں کو شامل کرنے سے آپ کوشش کیے بغیر ہی زیادہ مقدار میں سبزیاں کھاسکتے ہیں ، جسمانی وزن میں کمی کے لیے پھلوں اور سبزیوں کا زیادہ استعمال بہترین طریقہ کار ہے۔
چھلکے سمیت (ثابت یا پیس کر) اناج جیسے چاول، جو اور دیگر کا استعمال جسمانی وزن میں کمی لانے میں مدد فراہم کرتا ہے جبکہ کولیسٹرول لیول بھی بہتر ہوتا ہے۔
پراسیس گوشت کا استعمال جسمانی وزن میں اضافہ کرتا ہے جبکہ اس سے گریز کرکے موٹاپے میں کمی کے ساتھ ساتھ جسمانی چربی کو گھلانے میں بھی مدد ملتی ہے۔
دن بھر میں محض ایک سافٹ ڈرنکس کی جگہ پانی کو دینے سے آپ جسم کو 10 چائے کے چمچ چینی سے بچا سکتے ہیں۔
میٹھے مشروبات کا استعمال کم کرکے آپ بتدریج جسمانی وزن میں کمی لاسکتے ہیں جبکہ سبز چائے پینے سے بھی جسمانی وزن میں کمی لانا ممکن ہے، تحقیقی رپورٹس کے مطابق سبز چائے سے جسم کے اندر کیلوریز جلانے والا انجن متحرک ہوتا ہے جس سے جسمانی وزن میں کمی لانا آسان ہوجاتا ہے۔
ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ یوگا کرنے والے افراد کا جسمانی وزن دیگر کے مقابلے میں کم ہوتا ہے، اس کی وجہ تو واضح نہیں مگر ماہرین کے خیال میں یوگا کے عادی افراد غذا کے حوالے سے زیادہ بہتر سوچ رکھتے ہیں۔
وزن کم کرنے کیئے گھر کے کھانے نے حد ضروری ہیں ، باہر کے کھانوں میں چکنائی اور دیگر ایسے اجزا کا استعمال زیادہ ہوتا ہے جو جسمانی وزن میں اضافے کا باعث بنتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ گھر کے کھانوں کو ترجیح دینا جسمانی وزن کو کنٹرول میں رکھتا ہے۔
بغیر چینی کی چیونگم چبانے خاص طور پر Mint گم کو چبانے سے بے وقت کچھ کھانے کی خواہش کو دبانا آسان ہوجاتا ہے، درحقیقت منٹ گم کا ذائقہ ایسا ہوتا ہے کہ اس کے بعد دیگر غذاؤں کا ذائقہ اچھا نہیں لگتا۔
ڈائٹنگ کے بغیر جسمانی وزن میں سال بھر میں ساڑھے 4 کلوگرام تک کمی لانا چاہتے ہیں توروزانہ ایک میل یا 20 منٹ تک چہل قدمی کریں، 20 منٹ تک باغبانی کی سرگرمیوں کا حصہ بنیں، 30 منٹ تک گھر کی صفائی کریں یا 10 منٹ تک جاگنگ کریں۔