58

خود کوایسا بنا لو کی پیسہ اور شہرت آپ کے غلام بن جائیں،نوازالدین صدیقی

ممبئی: بالی ووڈ میں دیکھتے ہی دیکھتے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے اداکار نواز الدین صدیقی کا کہنا ہے کہ اب کوئی مجھے 25 کروڑ بھی دے تو کبھی چھوٹا کردار نہیں کروں گا۔

بالی ووڈ فلموں میں چھوٹے کردار ادا کرنے کے بعد اپنی محنت لگن اور بہترین اداکاری کے باعث شہرت کمانے والے نواز الدین صدیقی نے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا ہے کہ جہاں وہ آج ہیں اس مقام تک پہنچنے کیلئے انہوں نے ایک لمبا سفر طے کیا ہے۔

بالی ووڈ کی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے کے بعد اب نواز الدین مشہور  ہالی ووڈ ہدایتکار رابرٹو جیرالٹ  کی فلم ’لکشمن لوپیز‘ میں مرکزی کردار اداکرتے نظر آئیں گے۔

اداکار کا کہنا ہے کہ انہوں نے قسم کھائی تھی کہ جب تک انہیں ہالی ووڈ کی فلم میں مرکزی کردار نہیں ملے گا وہ فلم میں کام نہیں کریں گے۔

نواز الدین صدیقی نے کہا کہ ’اپنے کیریئر میں، میں نے بہت سی فلموں میں کام کیا ہے جہاں میں نے چھوٹے چھوٹے کردار کیے ہیں اب تو آپ مجھے 25 کروڑ بھی دیں گے تو بھی میں کوئی چھوٹا کردار نہیں کروں گا‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے لگتا ہے کہ پیسہ اور شہرت صرف آپ کے کام  کے نتیجے میں ملتا ہے، اگر آپ اپنا کام اچھے طریقے سے کریں گے تو پیسہ اور شہرت آپ کے پیچھے بھاگے گی۔ اگر آپ ان کا پیچھا کریں گے تو آپ انہیں کبھی نہیں پائیں گے، اس لیے بس اچھا کام کرتے رہیں‘۔
نواز الدین صدیقی نے مشورہ دیا کہ خود ایسا بنا لو کی پیسہ اور شہرت آپ کے غلام بن جائیں اور آپ کے پیچھے بھاگیں۔

نواز الدین صدیقی نے سن 1999 میں عامر خان کی فلم ’سرفروش‘ سے بالی ووڈ میں قدم رکھا تھا اس فلم میں انہوں نے ایک چھوٹا کردار ادا کیا تھا جس کے بعد کئی سالوں کی محنت سے 2012 میں انہیں فلم پتنگ میں اپنا پہلا مرکزی کردار ملا۔