52

آب زم زم ساتھ لے جانے والے قواعد و ضوابط پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں، سعودی حکومت

سعودی عرب نے تمام فضائی کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ آب زم زم لے جانے کے حوالے سے قواعد و ضوابط پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔

جدہ کے شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا انتطام چلانے والے ادارے ’’جید کو (JEDCO)‘‘ نے ایئرپورٹ پر فضائی آمدو رفت کرنے والی ایئرلائنز کو خصوصی مراسلہ جاری کیا ہے۔

مراسلے میں فضائی کمپنیوں آب زم زم لے جانے کے حوالے سے پابندیوں سے متعلق یاد دہانی کرائی گئی ہے۔

تمام فضائی کمپنیوں کو کہا گیا ہے کہ قواعد و ضوابط کے مطابق عمرہ اور حج کی ادائیگی کے لئے آنے والے افراد ہی اپنے ساتھ آب زم زم لے جاسکتے ہیں۔

سرکلر میں مزید کہا گیا ہے کہ حج اور عمرے کے لئے آنے والا ہر شخص 5 لیٹر آب زم زم کی ایک بوتل لے جاسکتا ہے، یہ بوتل فضائی سفر کے لئے خصوصی طور پر تیار کی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ سعودی حکام نے مئی 2022 میں وزٹ و بزنس ویزا اور ملازمت کے لئے آنے والوں پر اپنے ساتھ آب زم زم لے جانے پر پابندی لگادی تھی۔