49

کولیسٹرول کی ادویات کا زیادہ استعمال ہڈیوں کو نقصان پہنچا سکتا ہے

ویانا: ایک نئی تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ کولیسٹرول کو قابو کرنے والی ادویات ’اسٹیٹنس‘ کی زیادہ مقدار میں خوراکیں ہڈیوں کی صحت کو متاثر کر سکتی ہیں۔

2019 میں آسٹرین شہریوں پر کی جانے والی ایک تحقیق کا مقالہ شائع ہونے کے بعد اسٹیٹنس اور آسٹوپوروسِس (ہڈیوں کی ایک بیماری) کے متعلق تحفظات سامنے آئے تھے جن کو ویانا کے محققین مزید جاننا چاہتے تھے کہ اسٹیٹنس کس طرح ہڈی کی ساخت کو متاثر کرتی ہیں۔

میڈیکل یونیورسٹی آف ویانا اور کمپلیکسیٹی سائنس حب کے محققین نے چوہوں پر ایک تحقیق کی جس میں اسٹیٹنس کی زیادہ خوراکوں کے ہڈیوں کی کثافت پر پڑنے والے اثرات کو دیکھا گیا۔

کولیسٹرول کی بلند سطح شریانوں کو تنگ کر سکتی ہے اور خون کے لوتھڑے بنا سکتی ہے جس سے لوگوں کو دل کے دورے یا فالج کا خطرہ ہوسکتا ہے۔

جہاں اکثر لوگ غذا اور ورزش کے ذریعے کولیسٹرول کو کم کرتے ہیں وہیں متعدد لوگ ادویات کا استعمال کرتے ہوئے کولیسٹرول اور اس سے متعلقہ صحت کے خطرات کو کم کرتے ہیں۔

حالیہ مطالعے میں محققین نے 2019 میں تقریباً 80 لاکھ افراد پر کی جانے والی تحقیق کےڈیٹا کا استعمال کیا۔

اسٹیٹنس کا آسٹوپوروسِس کے ساتھ براہ راست تعلق جاننے کے لیے محققین نے لیبارٹری میں 71 چوہوں (جس میں 39 نر تھے اور 32 مادہ تھیں) کے ایک گروپ کا مطالعہ کیا۔

سائنس دانوں نے چوہوں کو کئی ہفتوں تک چکنائی سے بھرپور غذا کھلائی تاکہ ان کی کولیسٹرول کی سطح میں اضافہ کیا جاسکے۔ بعد ازاں محققین نے ان چوہوں کو دو گروہوں میں تقسیم کردیا جن میں ایک کنٹرول گروپ تھا اور دوسرا ٹیسٹ گروپ تھا۔

تقریباً ساڑھے پانچ ماہ تک ٹیسٹ گروپ کے چوہوں کو اسٹیٹنس کی زیادہ مقدار میں خوراکیں دینے کے بعد محققین نے مائیکرو-سی ٹی کا استعمال کرتے ہوئے ان چوہوں کی ہڈیوں کی کثافت کا معائنہ کیا۔ محققین نے ہڈیوں کے کورٹِکل اور ٹریبیکیولر مائیکرو اسٹرکچر کا جائزہ لیا۔

مائیکرو-سی ٹی اسکین کے نتائج نے محققین کے شکوک کو یقنین میں بدلا کہ اسٹیٹنس کی زیادہ خوراکیں ہڈیوں کو متاثر کر سکتی ہیں۔ اسکین کے تجزیے کے مطابق نر چوہوں میں ہڈی کی کثافت 42 فی صد جبکہ مادہ چوہوں میں 32 فی صد کم ہوئی تھی۔