49

فرانس میں ‘ٹرپل وبا’ کا وار، ڈاکٹرز کی ہڑتال

پیرس: فرانس میں کووڈ وبا,فلو اور نظام تنفس کی بیماریوں کے عروج پر ڈاکٹرز نے ہڑتال کا اعلان کردیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق تنخواہوں اور میڈیکل الاؤئنس میں کمی کے باعث ڈاکٹرز ہڑتال پر چلے گئے ہیں، ڈاکٹرز ‘فار ٹومارو’ نامی یونین نے نجی شعبے سے وابستہ ڈاکٹرز اور طبی مراکز سے اپیل کی ہے کہ وہ ستائیس دسمبر تا دو جنوری تک جاری رہنے والی اس ہڑتال میں شامل ہو اور اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں۔

ترجمان نے الزام عائد کیا کہ حکومتی اقدامات کے باعث ڈاکٹروں نے مجبوری میں ہڑتال کی، انہوں نے حکومت کو خبردار کیا کہ اگر موجودہ صورت حال میں تنخواہوں اور طبی ٹیرف میں کمی کی گئی تو ملک کا طبی نظام تباہ ہوجائے گا۔

واضح رہے کہ ان دنوں فرانس میں ٹرپل وبا اپنے عروج پر پہنچ چکی ہے، ملک کے بیشتر شہروں میں بیک وقت کرونا، فلو اور نظام تنفس کی بیماریوں کے سینکڑوں کیسز رپورٹ ہورہے ہیں، اس سنگین صورت حال میں حکومت نے طبی شعبوں کو سہولت دئیے بغیر عالمی وبا سے مقابلے کرنے کی ہدایت دی جسے ڈاکٹرز نے مسترد کرتے ہوئے ہڑتال کا اعلان کیا۔

فرانس کی طبی انشورنس کمپنی کے مطابق منتظمین کے اعلان کے بعد سے ملک میں جنرل فزیشنز کی سرگرمیوں میں 30 کمی واقع ہوچکی ہے۔

ادھر فرانس کے کئی دیگر شعبہ جات نے بھی کرسمس اور نئے سال کی چھٹیوں کے موقع پر کی جانے والی اس ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔