موسم سرما میں سردی کے ساتھ ساتھ اسموگ میں بھی اضافہ ہونے لگتا ہے، ہر سال اسموگ کے باعث70لاکھ کے قریب لوگ مختلف بیماریوں میں مبتلا ہوکر ہلاک ہو جاتے ہیں۔ اگر فضا میں آلودگی کی یہ شرح برقرار رہی تو اس سے سنگین قسم کی بیماریاں پھیل سکتی ہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق اسموگ کی وجہ سے سردیوں میں انفیکشن کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، اسموگ پھیپھڑوں کے لئے زہر کے مانند ہے، ایسی صورت حال میں اپنے پھیپھڑوں کو اسموگ سے بچانے کے لئے کچھ اقدامات کئے جاسکتے ہیں۔
ماسک کا استعمال
طبی ماہرین دوران سفر ماسک کے استعمال کا مشورہ دیتے ہیں جبکہ اسموگ کے دنوں میں تو اس کے استعمال کو لازمی قرار دیا گیا ہے جس کا مقصد پھیپھڑوں کو زہریلے عناصر سے بچانا مقصود ہے جو ہوا میں موجود ہوتے ہیں۔
باقاعدگی سے ورزش
پھیپھڑوں کو صحت مند رکھنے کے لئے قوت مدافعت میں اضافہ ضروری ہے، اسموگ کے باعث گلے میں جلن ، خشک کھانسی پھیپھڑوں کو نقصان پہنچاتی ہیں، ورزش کے باعث یہ جراثیم ہمارے جسم سے پسینے اور یورین کے زریعے خارج ہوجاتے ہیں۔
اسموگ سے بچاؤ کی دیگر احتیاطی تدابیر
آنکھوں کیلئے چشمے کا استعمال ضرور کریں کیونکہ اسموگ میں موجود گیسوں کا مجموعہ آنکھوں کے مختلف امراض میں مبتلا کر سکتا ہے۔
باہر سے گھر آنے کے بعد اپنےہاتھ ، چہرے اور جسم کے کھلے حصوں کو صابن سے دھوئیں۔
گاڑی چلاتے ہوئے گاڑی کی رفتار دھیمی رکھیں اور حد نگاہ کم ہونے پر فوگ لائٹس کا استعمال کریں۔
تعمیراتی سائٹس پر گردو غبار کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کیے جائیں۔