ایک رات کی نیند متاثر ہونے کے نتیجے میں آئینے کے سامنے آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے نمایاں ہوجاتے ہیں۔
مگر آخر لوگوں کی آنکھوں کے گرد یہ گہرے حلقے یا وہ جگہ کسی بیگ کی طرح پھول کیوں جاتی ہے؟
عام طور پر بیشتر افراد کا ماننا ہے کہ نیند کی کمی ان حلقوں کی وجہ بنتی ہے، ایسا اکثر درست بھی ہوتا ہے مگر یہی واحد وجہ نہیں بلکہ اس کی چند دیگر عام وجوہات بھی ہوتی ہیں۔
آئرن کی کمی
جسم میں آئرن کی کمی بھی آنکھوں کے گرد سیاہ حلقوں کی ایک بڑی وجہ ہوتی ہے۔ آئرن جسم کے اندر خلیات تک آکسیجن پہنچانے میں مدد دینے والا جز ہے، اس کی کمی کا مطلب ہے کہ خلیات کو آکسیجن کی کمی کا سامنا ہوتا ہے۔ سبز پتوں والی سبزیاں اور پھل جیسے سیب وغیرہ سے آپ آنکھوں کے حلقوں سے نجات پاسکتے ہیں۔
زیادہ سونا
ویسے تو نیند کی کمی سیاہ حلقوں کا باعث بنتی ہے مگر زیادہ وقت بستر پر گزارنا بھی ایسا ہی کرتا ہے۔ بہت زیادہ سونا پورے چہرے پر سیال کے اجتماع کا باعث بنتا ہے جو سیاہ حلقے اور آنکھیں پھولنے کا باعث بنتا ہے۔ تو ضرورت سے زیادہ سونے سے گریز کرنا بہتر احتیاطی تدبیر ہے۔
نمک کا اجتماع
اگر آپ کو نمکین اشیاءکھانا پسند ہیں یا زیادہ نمک کھاتے ہیں، تو اس عادت کو اعتدال کی حد میں لے آئیں۔ نمک کا زیادہ استعمال پانی کے جمع ہونے کا باعث بنتا ہے جو سیاہ حلقے بن کر آنکھوں کے گرد ظاہر ہوتا ہے۔
سورج میں بہت زیادہ وقت گزارنا
سورج کی روشنی ہمارے جسم کے لیے بہت ضروری ہے جس سے وٹامن ڈی حاصل ہوتا ہے، مگر اس روشنی میں بہت زیادہ وقت گزارنے سے گریز کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ وہ بھی آنکھوں کے گرد سیاہ حلقوں کا امکان بڑھانے والا عنصر ہے۔ سورج کی روشنی جسم میں میلانین کی سطح بڑھاتی ہے جو جلدی رنگت گہری کرتا ہے۔
میک اپ اور دیگر مصنوعات
کئی بار مسکارا، آئی لائنر یا دیگر مصنوعات بھی ان حلقوں کا باعث بن جاتی ہے۔ اس کی وجہ ان مصنوعات کے نتیجے میں جلد کی الرجی ہوسکتی ہے، جبکہ آنکھوں کے ارگرد کی جلد رگڑنا بھی یہ امکان بڑھاتا ہے۔ اس لیے ہمیشہ جلد کے لیے موزوں مصنوعات کا استعمال کریں اور میک اپ لگانے یا اتارنے کے دوران نرمی سے کام کریں۔