79

پی ٹی اے کا اسپیس ایکس اسٹار لنک پروگرام پر سیکیورٹی خدشات کا اظہار

پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے اسپیس ایکس اسٹار لنک پروگرام پر سیکیورٹی خدشات کا اظہار کردیا۔

پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں چیئرمین سینیٹر کہدہ بابر کی زیرصدارت سینٹ قائمہ کمیٹی انفارمیشن ٹیکنالوجی کا اجلاس ہوا۔

اجلاس کے دوران پی ٹی اے حکام نے اسپیس ایکس اسٹار لنک پروگرام پر بریفنگ دی۔

پی ٹی اے حکام نے بتایا کہ اسپیس ایکس ایک جدید ٹیکنالوجی اور تیز ترین انٹر نیٹ فراہمی کاذریعہ ہے،اس ٹیکنالوجی سے پسماندہ علاقوں میں انٹر نیٹ پہنچایا جاسکتا ہے۔

بریفنگ کے دوران پی ٹی اے حکام نے اسپیس ایکس اسٹار لنک پروگرام پر سیکیورٹی خدشات کا اظہار کیا۔

کمیٹی نے اسپیس ایکس پروگرام کیلئے ذیلی کمیٹی قائم کردی جس کے ارکان افنان اللہ اور ذیشان خانزادہ ہوں گے۔

اجلاس کے دوران کمیٹی نے گوادر میں انٹرنیٹ سروس فراہمی سے متعلق مسائل پر تشویش کا اظہار کیا۔

سینیٹر افنان اللہ نے ہدایت کی کہ گوادر میں سرمایہ کار آرہے ہیں وہاں بہترین انٹرنیٹ پہنچائیں۔

کمیٹی کے ارکان نے کہا کہ گوادر میں ہمارے بچےکورونا وبا کے دوران میں انٹرنیٹ نہ ہونے سے پڑھ نہیں سکے۔

پی ٹی اےحکام نے کہا کہ بعض علاقوں میں سیکیورٹی وجوہات پر سروس بند ہے، وزیر اعظم نے گوادر میں انٹرنیٹ بہتری کی خصوصی ہدایت کی ہے، انٹرنیٹ سروس بہتری کیلئے کام کر رہے ہیں, گوادر میں 4 ارب روپے کے انٹرنیٹ فراہمی کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔

حکام نے مزید کہا کہ بلوچستان میں 5800 کلومیٹر فائبر آپٹک پراجیکٹ مکمل ہوچکے، گوادر کے لئے پونے 2 ارب روپے کے فائبر آپٹک منصوبے پر کام کررہے ہیں۔