218

پاکستان میں ڈینگی سے سب سے زیادہ ہلاکتیں کے پی میں ہوئیں، عالمی ادارہ صحت

پشاور: عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ رواں برس ڈینگی وائرس سے ہلاکتوں کے سب سے زیادہ کیسز خیبر پختونخوا میں سامنے آئے ہیں جہاں وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 69 تک پہنچ چکی ہے۔

ڈینگی سے ہونے والی ہلاکتوں سے متعلق اپنی رپورٹ میں عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں زیادہ تر اموات خون کی منتقلی میں تاخیر کے سبب ہوئیں، لیبارٹریز سے 24  ہزار 807 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس میں سے 69 ہلاک ہوچکے ہیں جو کہ رواں برس کسی بھی صوبے میں ہونے والی اب تک سب سے زیادہ اموات ہیں۔

رپورٹ کے مطابق یہ وائرس جولائی تا دسمبر میں زیادہ فعال ہوجاتا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کے متاثر ہونے کی تعداد بڑھ جاتی ہے جب کہ سخت گرمی اور سخت سردی میں مچھروں کی تعداد میں کمی کے باعث اس وائرس کا پھیلاؤ بھی کم ہوجاتا ہے۔