لاہور: اسٹیج کے مشہور کامیڈین طارق ٹیڈی لاہور میں انتقال کرگئے۔
اسٹیج کے معروف اداکار طارق ٹیڈی گزشتہ کئی روز سے لاہور کے مقامی ہسپتال میں زیرعلاج تھے۔ طارق ٹیڈی جگر کے عارضے میں مبتلا تھے۔
طارق ٹیڈی کو گزشتہ ہفتے طبیعت زیادہ خراب ہونے پر وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا۔ طارق ٹیڈی نے اسٹیج کے متعدد ڈراموں اور پنجابی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔ طارق ٹیڈی کی کامیڈی کو عوامی سطح پر پذیرائی حاصل تھی۔
طارق ٹیڈی کو سبزہ زار لاہور کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ مرحوم کی نماز جنازہ میں قریبی رشتہ داروں اور شوبز ستاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور مرحوم کے اعلی درجات کے لئے دعا کی۔ طارق ٹیڈی 1976میں فیصل آباد میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اپنے فنی کیرئیرکا آغاز 1990 میں کیا۔
ان کے بہترین ڈراموں میں ماما پاکستانی،سب سے بڑا روپیہ، جی کردا،عید دو چن، اور دوستی شامل ہیں۔،طارق ٹیڈی نے 2004 میں سلاخیں فلمیں میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کامیڈین طارق ٹیڈی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔مریم اورنگزیب کا بیان میں کہنا تھا کہ طارق ٹیڈی نے اسٹیج ڈراموں اور پنجابی فلموں میں شاندار کردار ادا کئے اور اپنے مزاح اور فن سے عوام کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیریں۔۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج طارق ٹیڈی اپنے مداحوں کو غمگین اور اداس کر کے دنیا سے پردہ کر گئے۔فن کی دنیا میں انکی کمی تادیر محسوس کی جاتی رہے گی۔ اللہ تعالی مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور تمام لواحقین کو صبر جمیل دے آمین۔۔