37

اب تک انسان کسی ایلین سے کیوں نہیں مل سکے؟ ناسا نے وجہ بتادی

انسان کائنات میں کسی خلائی زندگی کو تلاش کرنے کی بھرپور کوشش کررہے ہیں۔

مگر امریکی خلائی ادارے ناسا کے مطابق انسانوں کا کسی ایلین تہذیب کو دریافت کرنے کا امکان نہیں۔

درحقیقت ناسا کے سائنسدانوں کے مطابق اس کی ایک وجہ موجود ہے جس کے باعث انسانوں اور ایلین تہذیب کےملنے کا امکان ختم ہوجاتا ہے۔

ناسا کے سائنسدانوں کی جانب سے ایک تحقیقی مقالے میں بتایا گیا کہ  یہ وجہ کسی تہذیب کا بہت زیادہ ذہین ہوجانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی ایلین تہذیب کا خاتمہ ممکنہ طور پر خود اپنے ہاتھوں بہت زیادہ ذہانت کی وجہ سے ہوجاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے اقدامات نہ کیے تو انسانوں کی قسمت بھی یہی ہوسکتی ہے۔

اسے گریٹ فلٹر تھیوری کا نام دیا گیا ہے جس کے مطابق کائنات میں متعدد تہذیبیں موجود ہوسکتی ہیں مگر وہ زمین سے رابطے سے قبل ہی خود کو تباہ کرلیں گی۔

سائنسدانوں کو خدشہ ہے کہ ذہانت رکھنے والے جاندار جیسے انسان اپنے خاتمے کا باعث خود بن سکتے ہیں۔

مگر ان کا کہنا تھا کہ ہم اس سے بچ سکتے ہیں جس کے لیے تباہی کا باعث بننے والے عناصر کی شناخت کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسان یا کسی بھی ذہین ایلین تہذیب کا خاتمہ جوہری جنگ، وبا، موسمیاتی تبدیلیوں اور کنٹرول سے باہر مصنوعی ذہانت کے نتیجے میں ہوسکتا ہے۔

محققین کے مطابق اس سے بچنے کا راستہ ایک ہی ہے اور وہ ہے اپنی بقا کے لیے متحد ہوکر کام کرنا۔

اس تحقیقی مقالے کو ابھی کسی جریدے میں شائع نہیں کیا گیا بلکہ اسے ایک پری پرنٹ سرور پر جاری کیا گیا۔