39

فلو اور کووڈ کی مشترکہ ویکسین کے ٹرائل کا آغاز

کئی کمپنیوں کی جانب سے فلو اور کووڈ 19 کی روک تھام کے لیے مشترکہ ویکسینز کی تیاری پر کام کیا جارہا ہے۔

مگر فائزر اور بائیو این ٹیک فلو اور کووڈ 19 سے تحفظ فراہم کرنے والی مشترکہ ویکسین کا ٹرائل شروع کرنے والی اولین کمپنیاں بن گئی ہیں۔

اس ٹرائل میں فلو ویکسین کو کووڈ کی قسم اومیکرون کو ہدف بنانے والی ویکسین سے ملا کر استعمال کیا جائے گا۔

کووڈ، فلو اور ایک اور عام وائرس کے لیے مشترکہ ویکسین کی تیاری

اس مشترکہ ویکسین کے کلینیکل ٹرائل کے پہلے مرحلے میں 18 سے 64 سال کی عمر کے 180 افراد کو شامل کیا جائے گا۔

ٹرائل میں یہ دیکھا جائے گا کہ یہ ویکسین انسانوں کے لیے کس حد تک محفوظ ہے جبکہ اس کے استعمال سے فلو اور کووڈ کے حوالے سے مدافعتی ردعمل کس حد تک مضبوط ہوتا ہے۔

کمپنیوں کے مطابق یہ ٹرائل رواں ہفتے شروع ہوجائے گا جبکہ مشترکہ ویکسین بھی ایم آر این اے ٹیکنالوجی کی مدد سے تیار کی جائے گی۔

کمپنیوں کو توقع ہے کہ اس سے لوگوں کو 2 ایسی بیماریوں سے تحفظ مل سکے گا جن کے وائرس مسلسل بدلتے رہتے ہیں۔

اس سے قبل موڈرنا کی جانب سے بھی اس طرح کی ویکسین کی تیاری کا اعلان کیا گیا تھا۔

اگست میں موڈرنا کے سی ای او اسٹیفن بانسیل نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ 3 سے 5 سال کے اندر ایک مشترکہ ویکسین دستیاب ہوگی جسے ہر سال ایک بار استعمال کرنا ہوگا۔

موڈرنا کی ویکسین فلو اور کووڈ کے ساتھ ساتھ آر ایس وی کی روک تھام کے لیے کام کرے گی۔

خیال رہے کہ ہر سال دنیا بھر میں 3 سے 6 لاکھ افراد فلو کے نتیجے میں ہلاک ہوتے ہیں جبکہ 30 سے 50 لاکھ مریضوں کو شدید بیماری کا سامنا ہوتا ہے۔