40

مایوسی یا تناؤ سے فوری نجات دلانے والا آسان نسخہ

کسی وجہ سے مایوسی ، ذہنی تناؤ یا پریشانی کا سامنا ہے؟ تو بس مسکرانے کو عادت بنانا زندگی کو خوشگوار بناسکتا ہے۔

درحقیقت محض مسکرانے کی اداکاری کرنا بھی مزاج پر خوشگوار اثرات مرتب کرسکتا ہے۔

یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک تحقیق میں سامنے آئی۔

اسٹینفورڈ یونیورسٹی کی تحقیق میں اس پرانے خیال کا تجزیہ کیا گیا کہ چہرے کے تاثرات ہمارے جذبات پر بھی اثرانداز ہوتے ہیں۔

تحقیق کے لیے 19 ممالک سے تعلق رکھنے والے 3878 افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی۔

ایک تہائی افراد کو منہ سے قلم تھامنے کی ہدایت کی گئی، ایک تہائی کو اداکاروں کی مسکراتی تصاویر کی نقل کرنے کا کہا گیا جبکہ باقی افراد کو اپنے ہونٹ کان کی جانب کھینچنے کا کہا گیا۔

محققین نے اس تجربے کے بعد رضاکاروں کو چند چھوٹے جسمانی ٹاسکس کا حصہ بھی بنایا اور انہیں ریاضی کے آسان سوالات کے جواب دینے کا کہا گیا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ مسکراہٹ والی تصاویر کی نقل یا ہونٹوں کو کان کی جانب کھینچنے سے لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

اگرچہ یہ اثر معمولی تھا مگر پھر بھی مزاج پر خوشگوار اثرات مرتب ہوئے۔

محققین نے بتایا کہ ہمیں جذباتی ہونے کا تجربہ اتنا زیادہ ہوتا ہے کہ ہم یہ بھول جاتے ہیں کہ یہ کتنی حیرت انگیز صلاحیت ہے، جذبات کے بغیر کوئی تکلیف یا خوشی محسوس نہیں ہوتی اور نہ ہی دکھ یا مسرت کا احساس ہوتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ نتائج سے معلوم ہوتا ہے کہ فرضی مسکراہٹ سے بھی لوگوں کو خوشی کا احساس ہوتا ہے جبکہ منہ بنانے سے لوگ غصہ محسوس کرنے لگتے ہیں۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل نیچر ہیومین Behaviour میں شائع ہوئے۔