191

پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بچوں کے دودھ " لیکٹالس " پرپابندی لگادی

لاہور: ڈیری مصنوعات کی بین الاقوامی کمپنی کے دودھ ” لیکٹالس ” میں سالمولینا وائرس کے انکشاف کے بعد اس کی فروخت پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل کے مطابق بچوں کے معروف دودھ ” لیکٹالس” میں سالمولینا وائرس کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد صوبے بھر میں اس دودھ پر پابندی عائد کردی گئی ہے جب کہ مارکیٹ میں موجود لیکٹالس برانڈ فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ یہ کاروائیاں لاہور ، راولپنڈی، جہلم، سیالکوٹ، سرگودھا سمیت صوبہ بھر کے تمام شہروں میں کی گئی ہیں اور پابندی کے بعد لیکٹالس فروخت کرنے والے اسٹورز سے اسٹاک کو ہٹایا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں لیکٹالس کے بچوں پر اثرات کے حوالے سروے رپورٹ مکمل ہونے تک فروخت پر پابندی عائد ہے اور سروے رپورٹ کی روشنی میں مزید فروخت کے حوالے سے لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔

نورالامین مینگل نے بتایا کہ سالمولینا وائرس سے بچوں میں اسہال، قے اور معدے کے شدید درد کی بیماریاں ہوتی ہیں، لیکٹالس دودھ کے استعمال سے فرانس میں متعدد بچوں کے متاثر ہونے کی شکایات سامنے آئی ہیں جس کے بعد لیکٹالس بنانے والی کمپنی نے متاثر ہونے والے ممالک سے اسٹاک واپس منگوانا شروع کر دیا ہے۔انہوں نے والدین سے گزارش کی ہے کہ سروے رپورٹ آنے تک لیکٹالس دودھ کے استعمال سے اجتناب کریں۔

دوسری جانب فرانسیسی حکام کا کہنا ہے کہ رواں دسمبر میں لیکٹالس پینے سے اب تک 26 شیر خوار بچے سالمولینا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔ اس انکشاف کے بعد کمپنی نے پاکستان سمیت برطانیہ،چین،بنگلادیش اور سوڈان سے مذکورہ دودھ کا اسٹاک واپس منگوالیا ہے۔