380

وہ غذا جو برین ہیمرج سے تحفظ دے

اگر تو آپ پالک، ساگ یا سبز پتوں والی سبزیاں کھانا پسند نہیں کرتے تو اپنی عادت بدل ڈالیں، کیونکہ یہ غذا فالج جیسے جان لیوا مرض سے بچانے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔

یہ بات ایک نئی تحقیق میں سامنے آئی۔

تحقیق کے مطابق ذہنی تناﺅ میں کمی اور سبز پتوں والی سبزیوں کا استعمال بڑھانا دماغی شریان پھٹنے یا برین ہیمرج کا خطرہ کم کرتا ہے۔

اس تحقیق کے دوران افریقی ممالک کے 682 ایسے مریضوں کا جائزہ لیا گیا اور دعویٰ کیا گیا کہ جو لوگ سبز پتوں والی سبزیاں زیادہ کھاتے ہیں، ان میں فالج کا خطرہ 64 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔

واضح رہے کہ فالج کے 32.2 فیصد واقعات میں لوگ برین ہیمرج یا دماغی شریان پھٹنے کا شکار ہوتے ہیں۔

عام طور پر دماغی شریان پھٹنے کے 93.9 فیصد واقعات ہائی بلڈ پریشر کی وجہ سے سامنے آتے ہیں جبکہ 7.2 فیصد دماغی ساخت میں مسائل کا نتیجہ ہوتے ہیں۔

اس تحقیق کے دوران دیکھا گیا کہ ہائی بلڈ پریشر کے شکار ہونے کے باوجود بیشتر افراد فالج یا برین ہیمرج سے کیسے محفوظ رہتے ہیں۔

محققین نے دریافت کیا کہ ذیابیطس کے شکار افراد میں یہ خطرہ 2.33 گنا جبکہ گھر یا دفتر میں ذہنی تناﺅ 2.22 گنا بڑھا دیتا ہے۔

اسی طرح کولیسٹرول کی سطح میں نمایاں اضافہ 1.69 گنا جبکہ تمباکو نوشی کے عادی افراد میں دس گنا سے زیادہ بڑھ جاتا ہے۔

تاہم یہ خطرہ ان افراد میں اس وقت 64 فیصد تک کم ہوجاتا ہے جب وہ سبز پتوں والی سبزیوں کا زیادہ استعمال کرنے لگتے ہیں۔

اس تحقیق کے نتائج امریکن اسٹروک ایسوسی ایشن کی انٹرنیشنل اسٹروک کانفرنس میں پیش کی جائے گی۔