453

آئی فون نے صارف کے میڈیکل ریکارڈ کی سہولت متعارف کرادی

نیویارکایپل نے صارفین کی ایک اور مشکل آسان کرتے ہوئے اپنے آئی فون میں میڈیکل ریکارڈز کی سہولت آزمائشی طور پر متعارف کرادی۔

معروف ٹیکنالوجی کمپنی ’ایپل‘ کے سی او او جیف ولیمسن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایپل نے آئی فون کی ’ہیلتھ ایپ‘ میں صارفین کو اپنے طبی ریکارڈ مرتب کرنے کی اپ ڈیٹس آزمائشی طور پر متعارف کرادی ہیں۔ ابتدائی طور پر امریکا کے 12 مختلف اسپتالوں کے مریض اپنا میڈیکل ریکارڈ اسمارٹ فون پر دیکھ سکیں گے۔

یہ اپ ڈیٹس آئی اوایس 11.3 بی ٹا ورژن میں کی گئی ہیں۔ اپ ڈیٹ سیکشن میں صارفین کو ان اسپتالوں اور کلینکس سے دستیاب میڈیکل ڈیٹا ایک ہی وقت میں اور ہی جگہ اس ہیلتھ ایپ پر مل جائے گا اور وہ جب  چاہیں اسے دیکھ سکیں گے۔ ایپل کا کہنا ہے کہ میڈیکل ڈیٹا اور معلومات کو صارف کے آئی فون پاس کوڈ کے ذریعے محفوظ رکھا جائے گا۔

اس وقت مریض کا میڈیکل ریکارڈ مختلف آن لائن ویب سائٹس اور ایپس پر رکھا جاتا ہے اور بوقت ِ ضرورت مریض الگ الگ ویب سائٹس پر جاکر طبی معلومات جمع کرتا ہے جس پرکافی وقت لگتا ہے تاہم اب اس نئی اپ ڈیٹ میں  صارف اپنے متعلقہ کئی اداروں کی میڈیکل رپورٹس بیک وقت ایک ہی جگہ پر دیکھ سکے گا۔

مثال کے طور پر لیب ٹیسٹ رپورٹس، ادویات ، طبی معائنے کے نتائج اور دیگر میڈیکل امور متعلقہ ادارہ  ازخود اپ ڈیٹ کردے گا اور اطلاع کے لیےایک نوٹی فکیشن بھی جاری کیا جائے گا۔

جیف ولیمسن کا مزید کہنا ہے کہ نئی اپ ڈیٹس کا مقصد صارفین کو اپنی صحت کے حوالے سے ہمہ وقت آگاہ رہنا ہے تاکہ  ہر دن وہ بہتر انداز میں گزار سکیں، ہم ہیلتھ کمیونٹی سے مل کر یہ تجربہ کرنے جارہے ہیں تا کہ صارفین اپنا میڈیکل ڈیٹا بآسانی اور مکمل سیکیورٹی کے ساتھ اپنے اسمارٹ فون میں رکھ سکیں۔