کرپٹو اثاثوں کیلئے دنیا کی سب سے بڑی فرمز میں سے ایک ’بائنانس‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ جعلسازوں نے 10 کروڑ ڈالر مالیت کی کرپٹو کرنسی چوری کرلی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق فرم کے سربراہ چانگ پینگ ژاؤ نے جمعہ کو ایک ٹویٹ میں بتایا کہ سسٹم میں ’ایکسپلائٹ‘ کی وجہ سے ایکسچینج کی مخصوص کرنسی کی اضافی پروڈکشن ہوئی، اس نقصان کا تخمینہ تقریباً 10 کروڑ ڈالر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسئلہ اب بھی موجود ہے لیکن آپ (صارفین) کے فنڈز محفوظ ہیں، ہم اس زحمت کیلئے معذرت خواہ ہیں اور صورتحال کے مطابق مزید اپ ڈیٹ فراہم کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق یہ کرپٹو کرنسی کی تاریخ کی سب سے بڑی چوریوں میں سے ایک ہے۔ اس سے قبل رواں سال کے آغاز میں ایگزی انفنیٹی بلاک چین گیم سے 50 کروڑ ڈالر سے زیادہ چوری کیے گئے تھے۔
ماہرین کہتے ہیں کہ جعلساز تیزی سے ’کراس چین برجز‘ میں کمزوریوں کا استعمال کر رہے ہیں، یہ وہ ذرائع ہیں جن کو سرمایہ کار اثاثوں کو ایک بلاک چین سے دوسرے بلاک میں منتقل کرنے کیلئے استعمال کرتے ہیں۔
چانگ پینگ ژاؤ نے مزید لکھا کہ اس چوری میں ’ایک کراس چین پل بی ایس سی ٹوکن ہب پر ایک ایکسپلائٹ‘ شامل ہے، جس کے بارے میں صارفین کو یقین دلایا گیا کہ اسے ٹھیک کردیا گیا ہے۔
ایکسچینج نے ریڈ اٹ پر کہا کہ چوری کی گئی رقم 10 کروڑ اور 11 کروڑ ڈالر کے درمیان تھی۔ فرم نے مزید کہا کہ 70 لاکھ ڈالر پہلے ہی برآمد ہوچکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایگزی انفنیٹی ہیک اور گذشتہ ماہ کرپٹو فرم نومیڈ پر تقریباً 20 کروڑ ڈالر کی ایک اور چوری میں بھی برجز کی کمزوریوں کا فائدہ اٹھایا گیا تھا۔