58

بلوچستان میں ایک روز میں ہزاروں افراد ملیریا کا شکار

بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں ملیریا کیسز میں خطرناک اضافہ ہوا ہے اور 5 اضلاع میں ایک ہی دن میں 3131 مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔

 بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں ملیریا تیزی سے پھیل رہا ہے جس کے باعث صورتحال تشویشناک ہوچکی ہے۔

وزارت صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے 5 اضلاع سب سے زیادہ ملیریا سے متاثر ہیں بالخصوص صحبت پور، جعفر آباد اور نصیر آباد میں یہ مرض بے قابو ہوگیا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3131 ملیریا کے مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ 14 روز کے دوران صوبے کے 5 اضلاع میں 37 ہزار 224 ملیریا کیسز سامنے آچکے ہیں اور مثبت کیسز کی شرح 49 فیصد کی انتہائی خطرناک حد تک پہنچ چکی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ دو ہفتوں کے دوران صحبت پور میں 10 ہزار 384، نصیر آباد میں 9190، جعفر آباد میں 7806 افراد ملیریا کے مرض کا شکار ہوئے ہیں، اس کے علاوہ جھل مگسی میں 6550 اور ڈیرہ بگٹی میں 3294 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

وزارت صحت کے ذرائع کے مطابق ملیریا کا شکار ہونے والوں میں بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے، صوبے بھر میں 5 سال سے کم عمر کے ملیریا سے متاثرہ بچوں کی تعداد 6237 ہوچکی ہے جب کہ 5 سال سے زائد عمر کے 31 ہزار 223 بچے ملیریا کا شکار ہوئے ہیں۔