30

ہریتک روشن ہر فلم سے پہلے کلائی پر کالا دھاگا کیوں باندھتے ہیں؟

ممبئی: ہریتک روشن کا کہنا  ہے کہ انہوں نے اپنے ہر ایسے کردار کیلئے خفیہ طور پر کلائی پر کالا یا لال دھاگا پہنا ہے جس نے ان کو خوفزدہ کیا تھا۔

بالی ووڈ کے سُپر اسٹار اور سُپر ڈانسر ہریتک روشن نے حال ہی میں اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں انہیں اپنی کلائی پر بندھے کالے دھاگے کو کاٹتے دیکھا جا سکتا ہے۔

اس کالے دھاگے کے پیچھے کی کہانی کو تفصیل سے بیان کرتے ہوئے اداکار نے کیپشن میں اسے پہنے کی وجہ بھی بتائی ہے۔

ہریتک نے کیپشن میں لکھا کہ ’مجھے بالکل نہیں معلوم کہ میں نے یہ کب کرنا شروع کیا بلکہ یہ بھی نہیں معلوم کہ ایسا کیوں کرتا رہا ہوں؟ لیکن مجھے آج احساس ہوا کہ میں نے ہر اس کردار کے لیے خفیہ طور پر ایسا کیا ہے جس نے مجھے خوفزدہ کیا تھا‘۔

انہوں نے بتایا کہ ’زیادہ تر یہ کوئی لال دھاگا، جو میں نے کبیر کا کردار ادا کرتے ہوئے پہنا تھایا پھر سیاہ دھاگا ہوتا ہے‘۔

ہریتک کے مطابق ’یہ بھی یاد نہیں ہے کہ میں نے یہ کب اس طرح دھاگا پہننا  شروع کیا تھا، ’کہو نا پیار ہے‘ یا پھر ’کوئی مل گیا ‘ یا پھر شاید اس کے بھی بہت بعد میں؟۔

ہریتک نے کیپشن میں مزید لکھا کہ ’ا س کیلئے مجھے اپنی  پُرانی فلمیں دیکھ کر اپنی کلائیاں اور گردن چیک کرنی ہوں گی‘۔ ہریتک کا کہنا تھا کہ’ انہوں نے کبھی منصوبہ بندی کر کے کوئی دھاگا کلائی میں نہیں پہنا نہ ہی وہ اس کا مقصد جانتے ہیں، کبیر کیلئے پوجا کے دوران مل گیا تو پہن لیا جبکہ ویدھا کیلئے ڈریس ریہرسل کے دوران ملا‘۔

انہوں نے کالا دھاگا پہننے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ’مجھے لگتا ہے کہ میں ایسا کرتا ہوں کیونکہ یہ جسمانی طور پر اس عزم کو پورا  کرتا ہے جو میں  کوئی پراجیکٹ شروع کرنے سے پہلے اپنے آپ سے کرتا ہوں یہ  میرا اپنے آپ سے ایک خفیہ معاہدہ ہوتا ہے‘۔

اپنی حالیہ فلم کے بارے میں ہریتک نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا  کہ’ویدھا ایک شاندار سفر رہا ہے،میں ہمیشہ اپنے ہدایت کاروں اور مصنفین پشکر اور گایتری کا شکر گزار رہوں گا‘۔

یاد رہے کہ ہریتک روشن  کی فلم ’وکرم ویدھا ‘رواں ہفتے ریلیز ہوئی ہے جس میں انہوں نے ویلن جبکہ بالی ووڈ کے چھوٹے نواب سیف  علی خان نے پولیس آفیسر کا کردار نبھایا ہے۔