41

چھوٹے جانوروں میں پی پی آر نامی بیماری تیزی سے پھیلنے لگی

فیصل آباد میں مویشیوں میں لمپی اسکن کا زور ٹوٹا تو پی پی آر نامی خطرناک وائرس نے بھیڑ بکریوں پر حملہ کردیا۔

فیصل آباد میں چھوٹے جانوروں میں پی پی آر نامی بیماری تیزی سے پھیلنے لگی ہے۔

ماہر حیوانات کے مطابق اس بیماری میں جانور صرف 3 دن میں موت کے منہ میں چلاجاتا ہے۔

 ڈاکٹر عماد رشید نے بتایا کہ اس بیماری میں جانور کے منہ سے جھاگ نکلنا، کھانا پینا چھوڑ دینا، 106 تک بخار ہوجانا اور منہ میں چھالے بن جانا جیسی علامات ہیں

انھوں نے بتایا کہ ابھی یہ بیماری پھیل رہی ہے اوراگر بروقت ویکسین نہ کی جائے تو شرح اموات 90 فیصد تک بھی چلی جاتی ہے۔

ہوا کی مدد سے ایک سے دوسرے جانور میں منتقل ہونے والے خطرناک وائرس اور ہلاکتوں سے فارمرز بھی پریشان ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ اس خطرناک بیماری کےباعث فارم ہاؤسز کے تمام جانور خطرے کا شکار ہیں۔ فارمرز بھی حکومتی اقدام نہ ہونے سے اپنے جانوروں کو پی پی آر وائرس سے بچانے کے لئے مہنگی ادویات بازار سے خریدنے پر مجبور ہیں۔