37

واٹس ایپ کا صارفین کوایپ فوری اپ ڈیٹ کرنے کا مشورہ

واٹس ایپ نے اپنے صارفین پر زور دیا ہے کہ وہ میسجنگ ایپ کو فوری طور پر اپ ڈیٹ کرلیں (اگر وہ پہلے ہی خودکار طور پر اپ ڈیٹ نہیں ہوچکی ہو تو)۔

واٹس ایپ کی جانب سے ایپ کے پرانے ورژن میں ایک بڑی سکیورٹی کمزوری کے بارے میں بتایا گیا ہے جس کو نئے ورژن میں فکس کیا گیا ہے۔

یہ سکیورٹی کمزوری ان صارفین کو متاثر کرسکتی ہے جو ایپ کے پرانے ورژن کو استعمال کررہے ہیں۔

واٹس ایپ کی ویب سائٹ پر اس حوالے سے تفصیلات بتائی گئی ہیں۔

اس سکیورٹی کمزوری کے باعث حملہ آور ایک ایرر کوڈ integer overflow کی مدد سے میل وئیر، اسپائی وئیر یا دیگر نقصان دہ سافٹ وئیرز اسمارٹ فون میں انسٹال کرسکتے ہیں۔

یہ حملہ آور ایک ویڈیو کال کی مدد سے ڈیوائسز کو نشانہ بناتے ہیں۔

اس سکیورٹی کمزوری کو CVE-2022-36934 کا نام دیا گیا ہے اور کمپنی نے اسے صارفین کے لیے بہت بڑا خطرہ قرار دیا ہے۔

واٹس ایپ کی جانب سے ایک اور سکیورٹی کمزوری CVE-2022-27492 کے بارے میں بھی بتایا گیا جس سے حملہ آور کسی ویڈیو فائل کے ذریعے ڈیوائس کو نشانہ بناتے ہیں۔

ان دونوں سکیورٹی کمزوریوں کی روک تھام واٹس ایپ کے اپ ڈیٹ ورژن میں کی گئی ہے۔

ویسے سکیورٹی خطرات کی روک تھام کے علاوہ بھی ایپ کو اپ ڈیٹ رکھنا ضروری ہوتا ہے تاکہ نئے فیچرز تک رسائی حاصل ہوسکے۔

26 ستمبر کو کمپنی کی جانب سے ایک نئے فیچر کال لنکس کو متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا تھا جس سے ایک لنک کے ذریعے آڈیو یا ویڈیو کالز میں شامل ہونا ممکن ہوجائے گا۔

اسی طرح یہ کمپنی 32 افراد کی انکرپٹڈ ویڈیو چیٹس کے فیچر کی بھی آزمائش کررہی ہے۔