23

بھارت میں بیل کی مدد سے بننے والی مشین تنقید کا شکار کیوں؟

بھارت میں ایک گاؤں کے مکین نے اپنی ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے ایسی مشین بنائی جو بیل کی مدد سے چلتی ہے اور  انرجی پیدا کرتی ہے لیکن یہ آئیڈیا سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بن گیا۔

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک گاؤں کے مکین نے اپنی ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے اپنے مسائل کو حل کیا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک نوجوان نے ٹریڈمل کی قسم کی ایک مشین بنائی جس پر ایک بیل چل رہا ہے اور  اس کی مدد سے انرجی پیدا ہو رہی ہے۔

پیدا ہونے والی انرجی کے ذریعے پمپ کی مدد سے کھیتوں کو پانی بھی دیا جا رہا ہے اور بجلی کے بلب بھی جلائے جا رہے ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بڑے سے کھلے مقام پر لگے چھپرے کے نیچے ایک سے زائد مشینوں کو نصب کیا گیا ہے جس کے لیے باڑے میں موجود دیگر بیلوں کی مدد لی جا رہی ہے۔

بعض  سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ٹیکنالوجی کے اس آئیڈیا کو پسند کیا جارہا ہے تو  بعض صارفین کی جانب سے تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے جانوروں کے حقوق کو اجاگر کیا گیا ہے۔

ایک صارف نے تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ 'دراصل یہ مجھے اپنے اوپر تشدد لگ رہا ہے'۔

ایک اور صارف نے ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'یہ کوئی نئی جدت نہیں بلکہ یہ جانوروں پر ظلم ہے، تھوڑی انسانیت دکھانی چاہیے'۔

اس ویڈیو کو 186.4 ہزار لوگوں نے دیکھا ہے جبکہ اس ویڈیو کو بڑی تعداد میں شیئر بھی کیا جا رہا ہے۔