امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے آئی فون کے نئے ماڈل لانچ کر دیے ہیں، آئی فون 14 کی خاص بات یہ ہے کہ یہ حادثے کی صورت میں آپ کا ہنگامی سیٹلائیٹ سے رابطہ کرا دے گا۔
امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے آئی فون کے نئے ماڈل لانچ کر دیے ہیں اور دنیا میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والے فون کی قیمت کو کم رکھنے کی کوشش کی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق گزشتہ شب رواں سال کی سب سے بڑی لانچ میں ایپل کمپنی کے ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ تقریب کے دوران نئے فون کے چار ورژن متعارف کروائے گئے ہیں جس میں آئی فون 14 دو سائز میں متعارف کروایا گیا ہے یعنی معمول کے آئی فون 14 اور بڑی سکرین یا ڈسپلے کے ساتھ آئی فون 14 پلس۔
کمپنی نے اس بار اپنی مصنوعات کی توجہ نئی تکنیکی چیزوں کو مزید خوبصورت انداز میں پیش کرنے کے بجائے اس کے حفاظتی نظام کو بہتر بنانے پر مرکوز کی ہے۔ اور آئی فون 14 کی رونمائی کے دوران دکھایا گیا کہ نئے فون میں ایمرجنسی سیٹلائیٹ کنکٹیویٹی اور کار کریش ڈیٹیکشن ٹیکنالوجی بھی موجود ہے۔
عالمی وبا کے بعد منعقد کی گئی یہ پہلی لانچنگ تقریب تھی جس میں عوام کو بھی شریک ہونے کی اجازت تھی، تقریب میں ایپل نے دی واچ الٹرا کی بھی رونمائی کی لیکن لوگوں کی توجہ کا مرکز نیکسٹ جنریشن کے آئی فون اور ایئر پاڈ ہی رہے۔
تقریب میں دکھائی گئی پریزنٹیشن پہلے سے ریکارڈ شدہ تھی تاہم سٹیج پر ایپل کے سی ای او ٹم کک موجود تھے۔
نئے آئی فون کی قیمت وہی رکھی گئی ہے جو گزشتہ برس آئی فون 13 کی تھی، تاہم رواں سال آئی فون نے اپنے سب سے کم قیمت ’آئی فون منی‘ کو لانچ نہیں کیا جس کا مطلب ہے کہ اب آئی فون 14 کی کم سے کم قیمت بھی گذشتہ برس کے ’آئی فون منی‘ کی قیمت سے سو ڈالر زیادہ ہو گی۔
آئی فون 14 کی قیمت 799 ڈالر سے شروع ہو گی اور آئی فون 14 پلس کی قیمت 899 ڈالر ہو گی۔ علاوہ ازیں آئی فون پرو 999 ڈالر جبکہ آئی فون پرو میکس کی قیمت 1099 ڈالر ہوگی۔