راولپنڈی: تھانہ صدر بیرونی کے علاقے ڈھوک امام دین میں ڈینگی ٹیم پر ایک شخص نے فائرنگ کردی، تاہم واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈینگی ورکرز گھر میں اسپرے کرنا چاہتے تھے، تاہم گھر میں موجود شخص نے اسپرے کرنے سے منع کیا اور ٹیم کی جانب سے اصرار کرنے پر نامعلوم شخص نے فائرنگ کردی۔ ڈینگی ورکرز معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔
بعد ازاں ڈینگی ٹیم کے کام میں رکاوٹ ڈالنے اور مزاحمت کرنے کے واقعے پر سی پی او سید شہزاد ندیم بخاری نے نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی فوری گرفتاری کے لیے قانونی کارروائی کا حکم دے دیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کیے۔
پولیس کے مطابق ابتدائی اطلاعات سے پتا چلا ہے کہ ملزم عنصر نے اسپرے کروانے سے منع کیا اور ہوائی فائر بھی کیا۔ ایس پی صدر کا کہنا ہے کہ کسی بھی سرکاری اہلکار سے مزاحمت ناقابل برداشت ہے۔ فائرنگ کرنے والے شخص کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔