36

ایسا کمپیوٹر ماؤس جو آپ کو زیادہ کام نہیں کرنے دے گا

سوول، جنوبی کوریا: ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ ایک ایسا کمپیوٹر ماؤس متعارف کرانے جارہی ہے جس کو استعمال کرنے والے ضرورت سے زیادہ کام نہیں کر سکیں گے۔

جنوبی کوریا کی الیکٹرانک کمپنی نے ایک ایسے کمپیوٹر ماؤس کا خیال متعارف کرایا ہے جس کو صارفین کو زیادہ کام کرنے سے روکنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

سام سنگ بیلینس ماؤس نامی یہ ماؤس جب کوئی ضرورت سے زیادہ کام کرنا شروع کرتا ہے تو حقیقی چوہے کی طرح بھاگ جاتا ہے۔

اس ماؤس کے متعلق ویڈیو سام سنگ کے کورین یوٹیوب چینل پر جاری کی گئی۔ اس خیال کو متعارف کرانے کا بنیادی مقصد کوریا میں پیشہ ورانہ زندگی میں توازن پیدا کرنا ہے۔

سام سنگ کا ویڈیو میں کہنا ہے کہ زیادہ تر ملازم وقت پر دفتر سے گھر نہیں جاتے۔ ان پر دفتری اوقات ختم ہونے سے پہلے کام ختم کرنے کا دباؤ ہونے کے ساتھ اضافی کام کا دباؤ بھی ہوتا ہے۔

کمپنی نے ویڈیو میں بتایا کہ اس نے ایک ایساغیر معمولی ماؤس بنایا ہے جو ضرورت سے زیادہ کام کرنے کا مسئلہ ختم کرتے ہوئے لوگوں کو اضافی کام کرنے سے بچائے گا۔

ویڈیو میں دِکھایا گیا کہ ہاتھ کی حرکت کی نشان دہی کرتے ہوئے ماؤس اصلی چوہے کی طرح بھاگ جاتا ہے اور اگر کوئی ماؤس کو پکڑ بھی لے تو ماؤس خول الگ کرتے ہوئے خود آگے نکل جاتا ہے۔