37

انوکھا ریستوران : کھانے کے بعد ورزش بھی کرنا پڑے گی، لیکن کیوں؟

جدہ : آپ نے بہت سارے ریستورانوں یا ہوٹلوں میں کھانا کھایا ہوگا جس میں تمام تر آسائشوں کے ساتھ ہر قسم کے لوازمات موجود ہوتے ہیں۔

یہ ہی نہیں اس کے علاوہ اکثر ریستورانوں میں لوگوں کی تفریح کیلئے گیمز اور دیگر آسائشیں بھی فراہم کی جاتی ہیں کہ جس سے آنے والی فیملیز لطف اندوز ہوتی ہیں۔

ایسے ہی ریستورانوں میں ایک ایسا بھی ریستوران ہے جس میں دی جانے والی سہولیات کے بارے میں آپ نے شاید کبھی سوچا بھی نہ ہو۔

جدہ میں دو سعودی دوستوں محمد مصلی اور عبداللہ الحدیدی نے مل کر نیا ریسٹورنٹ قائم کیا ہے جہاں کھانوں کے مینو میں سب سے اہم چیز ماحول اور کھانے کی تیاری میں شامل اشیا کی قدرتی ذائقے اور خوبیوں کو برقرار رکھنا ہے۔

عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق تین ماہ قبل شروع کئے گئے اس نئے قسم کے ریسٹورنٹ میں بین الاقوامی معیار کے کھانوں کے عمدہ ذائقے پیش کئے جا رہے ہیں جہاں گاہکوں کے لیے یوگا کی مشقوں کا انتظام بھی شامل ہے اور آنے والے گاہک یوگا کی مشقوں میں بھی حصہ لے سکتے ہیں۔

محمد مصلی نے بتایا ہے کہ یہ ایک نیا تجربہ ہے ہم گاہکوں کو دعوت دیتے ہیں کہ یہاں آئیں، ہمارے پاس ایک مخصوص جگہ ہے جہاں آپ خود سبزیاں اگا سکتے ہیں ہم انہیں بیج فراہم کرتے ہیں۔

ہم یہاں قدرتی ماحول کا احساس اجاگر کرتے ہوئے فرمائش کرتے ہیں کہ یہاں بیج بو دیں یا ایک پودا لگائیں۔ اس جگہ کا انتخاب کرتے ہوئے ہم نے قدیم تہذیبوں کو ذہن میں رکھا ہے جو ماحول کو خوشگوار اور دیدہ زیب بناتا ہے۔

اس ریسٹورنٹ میں موجود فرنیچرکی تیاری میں قدرتی عناصر کا بہت زیادہ عمل دخل ہے لکڑی کے ساتھ پتھر، مٹی اور کہیں کہیں پودوں کو بھی جگہ فراہم کی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جہاں تک ممکن ہو ہم نے پلاسٹک یا کاغذ کے استعمال سے گریز کیا ہے کیونکہ پلاسٹک یا کاغذ کی جب بات آتی ہے تو ری سائیکل مواد کی جانب دھیان جاتا ہے۔

باروچی خانے میں موجود ہمارے عملے کو ہدایات ہیں کہ کھانے کو ضائع بالکل نہ ہونے دیں ، پلیٹوں میں بچے ہوئے کھانے کو بھی خاص مشینوں کے ذریعے سنبھالنے کا انتظام کیا گیا ہے۔

ہم اپنے گاہکوں کو ترغیب دیتے ہیں کہ وہ اپنا اضافی کھانا گھر لے جائیں یا اسے کسی مقامی فوڈ بینک یا خیراتی ادارے میں جمع کرا دیں تا کہ کسی کےکام آسکے۔

الحدیدی نے بتایا کہ ہمارے عملے میں ایسے افراد شامل ہیں جو ماحول کو قدرتی رکھنے میں مہمانوں کی ہر ممکن مدد کرتے ہیں، ہماری توجہ ان کے تجربے سے زیادہ ان کے رویوں اور اقدار پر مرکوز ہے۔

ریستوران میں موسیقی کا بھی اہتمام کیا گیا ہے کیونکہ یہ پرسکون اور آرام دہ ماحول فراہم کرنے کے لیے خاص مقام رکھتی ہے اور لوگ ایسی جگہ جانا پسند کرتے ہیں جہاں کا ماحول ان کے لیے خوشگوار اور موزوں ہو۔

ہم یہاں کی موسیقی پر بہت خاص توجہ دیتے ہیں اور اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ ہم صبح، دوپہر اور شام کے موڈ کے مطابق رکھیں۔